آئی پی ٹی ایل‘ ٹکٹ کی اقل ترین قیمت 3240روپئے

نئی دہلی ۔30اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل پریمیئر ٹینس لیگ کے تین دن تک مقابلوں کے مشاہدہ کیلئے اقل ترین ٹکٹ کی قیمت 3240روپئے رکھی گئی ہے جب کہ سب سے قیمتی ٹکٹ 49680روپئے ہوگی۔ اس ٹکٹ کے ذریعہ ہندوستانی شائقین راجر فیڈرر اور نواک جوکووچ کے ہمراہ کئی بین الاقوامی ٹینس اسٹارس کو ایکشن میں دیکھ پائیں گے اور ان کے مقابلوں کاراست مشاہدہ کرسکیں گے ۔ آئی پی ٹی ایل کے مقابلے یہاں دہلی کے اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں کھیلیں جائیں گے جس میں 15ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ آئی پی ٹی ایل کے یہ مقابلے 6تا 8 ڈسمبر منعقد ہوں گے ۔ مذکورہ ٹینس ٹورنمنٹ کے ابتدائی مرحلے کی 6000ٹکٹیں بک مائی شو ڈاٹ کام پر کل سے دستیاب رہیں گی ۔ علاوہ ازیں ٹکٹیں مزید تین زمروں میں دستیاب رہیں گی جو کہ پریمیئر سیٹس ‘ کٹیگری ون اور کٹیگری ٹو کے تحت دستیاب رہیں گی لیکن منتظمین نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ کس زمرے کیلئے کتنے ٹکٹیں دستیاب رہیں گی ۔ تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ شائقین جو ٹکٹیں حاصل کریں گے ان میں تین ٹکٹیں دستیاب رہیں گی جو کہ تین دن کے مختلف مقابلوں کے لئے رہیں گی اور شائقین ان ٹکٹوں کو اپنے دوست احباب کے ساتھ بھی تبدیل کرسکتے ہیں ۔