ممبئی ، 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) فائنل پر نظریں مرکوز رکھتے ہوئے جس کا بے صبری سے انتظار ہے، بڑی ٹیمیں ممبئی انڈینس (ایم آئی) اور چینائی سوپر کنگس (سی ایس کے) انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل ) کے آٹھویں ایڈیشن کے فرسٹ کوالیفائر میں منگل کو یہاں وانکھیڈے اسٹیڈیم میں سخت مسابقت میں مدمقابل آئیں گے۔ کل کسی بھی ٹیم کیلئے جیت اس ٹورنمنٹ کے فائنل میں ایک مقام دلا دے گی، جو کولکاتا کے ایڈن گارڈنس میں 24 مئی کو مقرر ہے، جبکہ ناکام ہونے والی ٹیم کو اپنی قدر و اہلیت ثابت کرنے کیلئے دوسرا موقع حاصل ہوگا۔ اسے سکنڈ کوالیفائر میں جو رانچی میں 22 مئی کو ہوگا، ایلیمنیٹر (میچ) کے ونر کا سامنا کرنا پڑے گا، جو چہارشنبہ 20 مئی کو راجستھان رائلز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان پونے میں مقرر ہے۔ چینائی اور ممبئی رواں سیزن دو مرتبہ کھیل چکے ہیں جہاں دونوں ٹیموں نے ایک، ایک جیت درج کرائی۔ 17 اپریل کو ممبئی میں سی ایس کے نے میچ چھ وکٹس سے جیتا تھا۔ ریٹرن لیگ میچ مورخہ 8 مئی بمقام چینائی میں ممبئی نے بھی چھ وکٹ کی جیت حاصل کی تھی۔ اب منگل کو 2010ء اور 2011ء کے چمپینس سی ایس کے کو نئی اوپننگ ترکیب کے ساتھ میدان سنبھالنا پڑے گا کیونکہ جارحانہ اوپنر نیوزی لینڈ کے برینڈن مک کلم اپنے نیشنل اسکواڈ میں شامل ہونے روانہ ہوگئے تاکہ انگلینڈ کے خلاف 21 مئی کو شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز کھیل سکیں۔ یہ کیوی بیٹسمن جس نے 14 میچوں میں 436 رنز بٹورے، اس کی کمی شدت سے محسوس ہوگی۔ مگر ویٹرن بیٹسمن مائیکل ہسی جنھوں نے مک کلم کے ساتھ ہفتہ کو موہالی میں کنگس الیون پنجاب کے خلاف اوپننگ کی، ممکن ہے نیوزی لینڈ والے کی جگہ لیں گے۔ ویسٹ انڈین بیٹسمن ڈوین اسمتھ بیٹنگ میں اوپننگ کیلئے اسکواڈ میں واپس ہوجائیں گے۔ اس اوپننگ جوڑی کے علاوہ اِن فام فاف ڈوپلیسی، سریش رائنا اور کیپٹن مہندر سنگھ دھونی مل کر سی ایس کے بیٹنگ لائن اپ کو کافی طاقتور بنا دیتے ہیں۔ دوسری طرف ممبئی والے اس منگل کے میچ میں بلند حوصلے کے ساتھ میدان سنبھالیں گے کیونکہ اتوار کو سن رائزرس حیدرآباد کے مقابل وہ 9 وکٹ سے زبردست کامیاب ہوئے۔ پیسرز مچل مک کلینان (3/16)، لاستھ ملنگا (2/17) اور اسپنر جگدیشا سچیت (2/14) گیندبازی میں نمایاں رہے اور حیدرآباد کو 113 پر چلتا کردیا۔ پھر چھوٹے ٹارگٹ کے تعاقب میں اِن فام اوپنرز لنڈل سیمنس اور پارتھیو پٹیل نے 100 رنز کی رفاقت کے ساتھ شاندار شروعات فراہم کی، اس طرح ٹارگٹ 13.5 اوورز میں حاصل کرتے ہوئے ٹیم کو آئی پی ایل پلے آف مرحلے تک پہنچا دیا۔ 2013ء کے آئی پی ایل چمپینس کو ہوم گراؤنڈ پر کھیلتے ہوئے کئی زاویوں سے برتری حاصل رہے گی اور وہ چاہیں گے کہ ان کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ ملنگا اور مک کلینان (آپس میں 33 وکٹیں لے چکے ہیں) پھر ایک بار اچھی کارکردگی پیش کرتے ہوئے مضبوط سی ایس کے بیٹنگ لائن اپ کو شکست دینا چاہیں گے۔ ممبئی کا بھاری بھرکم مڈل آرڈر ہے جیسا کہ کپتان روہت شرما، امباٹی رائیڈو، کیرن پولارڈ، ہردِک پانڈیا گیند کو جم کر مارنے کے معاملے میں اپنی ساکھ قائم کرچکے ہیں نیز مقررہ ٹارگٹ کے تعاقب میں بھی مؤثر ثابت ہوئے ہیں۔