آئی پی ایل 7 چمپینس کے کے آر کو ایڈن میں زبردست تہنیت

کولکاتا، 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) شاہ رخ خان کو دو گھنٹے کی تاخیر ہوگئی لیکن اس سے آئی پی ایل چمپینس کولکاتا نائیٹ رائیڈرز کی تقریباً ایک لاکھ شائقین اور چیف منسٹر ممتا بنرجی کی آج یہاں ایڈن گارڈنس میں موجودگی کے دوران تہنیتی تقریب کی چمک دمک میں کوئی کمی نہیں ہوئی ۔ پرستاروں سے اظہار تشکر کے طور پر بار بار جھک کر اُن کا خیرمقدم کرتے ہوئے شریک مالک کے کے آر شاہ رخ نے پُرہجوم ایڈن کا چکر لگایا، اپنے ہاتھ لہراتے ہوئے پرستاروں کو فضائی بوسے دیئے جبکہ اُن کا سارا اسکواڈ ساتھ ساتھ چل رہا تھا اور ٹیم کا نعرہ ’’کوربو، لوربو، جیتبو رے… آمی کولکاتا، ہماری حکمرانی ہے‘‘ فضاء میں بلند ہورہا تھا۔ ٹروفی کو اوپر اٹھائے ہوئے کپتان گوتم گمبھیر نے شریک مالک جوہی چاؤلہ کے ہمراہ ’وکٹری لیاپ‘ کی قیادت کی۔ بالی ووڈ کے دلوں کی دھڑکن ایس آر کے نے اپنی تاخیر کیلئے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر معذرت خواہی کی کہ ’’کولکاتا سے معذرت خواہ ہوں!

فلائیٹ میں فنی خرابی پیدا ہوگئی۔ کچھ تاخیر سے پہنچوں گا لیکن وہاں پہنچوں گا ضرور۔ معذرت کے ساتھ۔‘‘ تہنیتی تقریب کی شروعات دوپہر میں شروع ہوئی اور ایس آر کے کی ٹوئٹ سامنے آئی کہ ’’کولکاتا کی طرف رواں دواں ہوں۔ فلائیٹ میں تاخیر ہے، لیکن پہنچ جاؤں گا … انشاء اللہ اب ہمیں کوئی چیز روک نہیں سکتی ہے‘‘۔ قبل ازیں آٹھ کھلی ایس یو وی گاڑیوں میں سوار ہو کر کے کے آر کرکٹرز نے چیف منسٹر کی آمد کے فوری بعد رنگین کاغذی ٹکڑوں کی بارش کے درمیان اسٹیڈیم کا ’وکٹری لیاپ‘ مکمل کیا۔ جہاں لگ بھگ 60,000 لوگ اسٹیڈیم میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے، وہیں ہزاروں دیگر اطراف کے میدانوں سے داخلے کیلئے جدوجہد کررہے تھے، جو فری تھا، لیکن یہ داخلہ تشہیری پاسیس کے ذریعہ تھا جو اس میٹروسٹی کے پولیس اسٹیشنوں اور ریاست کے سی اے بی ملحقہ کلبوں کی جانب سے جاری کئے گئے تھے۔

بعدازاں ایس آر کے کی سہ پہر 4:00 بجے آمد کے بعد ممتا بنرجی جنھوں نے اس تہنیتی تقریب میں شرکت کیلئے شمالی بنگال کو اپنے دورے کا پروگرام تبدیل کیا، انھوں نے پولیس والوں کو ہدایت دی کہ عوام کو داخل ہونے دیا جائے۔ چونکہ بنگال میں کوئی بھی استقبال مٹھائیوں کے بغیر مکمل نہیں رہتا، ایڈن گارڈنس کی ہوبہو نقل والا خصوصی تیار کردہ 40 کیلوگرام وزنی سندیش ٹروفی کے ساتھ رکھا گیا تھا۔ اس کیک کو مشترکہ طور پر ٹیم کے مشترک مالکین شاہ رخ، جوہی چاؤلہ اور جئے مہتا نے کپتان گمبھیر اور چیف منسٹر کے ساتھ کاٹا۔ جشن 2012ء کے برخلاف جب وہ پہلی بار آئی پی ایل میں فاتح ہونے پر ٹیم ممبرز پر سونے کی بارش ہوئی تھی، اس بار کرکٹ اسوسی ایشن آف بنگال نے آئی پی ایل 7 چمپینس کو مشترکہ طور پر تہنیت پیش کی، جس کی شروعات میں سی اے بی سربراہ جگموہن ڈالمیا نے فی کس 10 گرام کے گولڈ رنگس فاتح ٹیم کے تمام ارکان اور سپورٹ اسٹاف کو دیئے ۔ نیز ریاست کی طرف سے الفونسو آم بھی پیش کئے گئے۔

ایڈن گارڈن میں افراتفری ، 5زخمی
کولکتہ۔ /3 جون (سیاست ڈاٹ کام) کولکتہ نائیٹ رائیڈرس (کے کے آر) کی ایڈن گارڈن میں تہنیتی تقریب کے دوران افراتفری اور بھگدڑ مچ گئی ۔ پولیس نے بے قابو ہجوم کو کنٹرول میں کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا جس میں 5 افراد زخمی ہوگئے ۔ آئی پی ایل میں ٹیم کی کامیابی کا جشن منانے کیلئے اسٹیڈیم میں تقریباً 1 لاکھ شایقین جمع ہوگئے تھے ۔ اسٹیڈیم کے گیٹس بند کرنے کے بعد باہر جمع ہجوم بے قابو ہوگیا اور پولیس نے انہیں منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا جس میں 5 افراد بشمول دو خواتین زخمی ہوئے ۔ پولیس نے بعض مقامات پر داخلہ سے محروم شایقین کے بے قابو ہوجانے اور افراتفری کا ماحول پیدا کرنے پر طاقت کا استعمال کیا ۔