آئی پی ایل 7کی جنوبی افریقہ منتقلی ممکن : بسواس

بنگلور ۔13فبروری( سیاست ڈاٹ کام ) دولتمند ٹوئنٹی 20ٹورنمنٹ آئی پی ایل کا ساتواں ایڈیشن ہندوستان میں عام انتخابات اور سیکیورٹی انتظامات کی وجہ سے جنوبی افریقہ منتقل کردیا جاسکتا ہے ۔ آئی پی ایل کے ارباب مجاز آئندہ ہفتہ وزارت داخلہ سے ایک ملاقات کرنے والے ہیں جس کے بعد ہی 10دنوں میںاہم اور قطعی فیصلہ کی امید کی جارہی ہے ۔ اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے آئی پی ایل کے چیرمین رنجیت بسواس نے کہا ہے کہ ہم وزارت داخلہ کے اہم عہدیداروں سے ملاقات کرنے والے ہیں اور وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے سے بھی ملاقات متوقع ہے تاکہ ممکنہ تواریخ کو قطعی شکل دی جاسکے چونکہ ہم آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن کا ہندوستان میں ہی انعقاد کے خواہاں ہیں اور اگر ہندوستان میں ٹوئنٹی 20ٹورنمنٹ کا انعقاد ممکن نہ ہوسکا تو جنوبی افریقہ متبادل مقام ہوگاجبکہ دیگرمتبادل راستے بھی دستیاب ہیں ‘

تاہم انہوں نے تیسرے اور چوتھے متبادل مقامات کی تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں ۔گمان کیا جارہا ہے کہ یہ مقامات متحدہ عرب امارات اور بنگلہ دیش ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ 19اپریل تا 3جون کا وقت چاہتے ہیں اور اس ضمن میں حکومت سے تبادلہ خیال ہوگا چونکہ ہم زیادہ سے زیادہ مقابلے ہندوستان میں منعقد کرنا چاہتے ہیں اور اگر یہ منظوری مل گئی تو پھر زیادہ سے زیادہ مقابلے ہندوستان میں کھیلے جائیں گے ۔ قبل ازیں 2009ء میں بھی ہندوستان میں عام انتخابات کی وجہ سے آئی پی ایل جنوبی افریقہ میں منعقد ہوا تھا اور اس مرتبہ بھی ٹیموں کے ارباب مجاز کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جہاں ہم نے اپنا موقف واضح کرتے ہوئے ان کا اعتماد حاصل کرلیا ہے اور انہوں نے ہمارے فیصلوں کی ستائش بھی کی ہے ۔