ممبئی/دہلی11مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمئر لیگ کے فائنل کے میزبانی ممبئی سے واپس لینے کے فیصلے سے ناراض ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن (ایم سی اے ) کے عہدیداروں نے اپنے آئی پی ایل مسلمہ کارڈ منتظمین کو واپس دے دیئے ہیں ۔ ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن کے میڈیا منیجر اور معاون صدر ونود دیشپانڈے نے کہا کہ ہم نے تمام آئی پی ایل مسلمہ کارڈ واپس کردیئے ہیں ۔ ایم سی اے کے عہدیداروں ‘ انتظامی کمیٹی کے ارکان اور ٹورنمنٹ سے جڑے رضاکارانہ والینٹرس نے بھی ایسا ہی کیا ہے کیونکہ بغیر کوئی مناسب وجوہات کے فائنل کی میزبانی ہم سے چھین لی گئی ہے جس سے ہمیں کافی مایوسی ہوئی ہے ۔ ہفتہ کو آئی پی ایل انتظامی کمیٹی نے ٹیلی کانفرنس کی اور آئی پی ایل 7کے 8جون کو ہونے والے فائنل کی میزبانی ممبئی وانکھڈے اسٹیڈیم سے واپس لیکر بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم کو دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 30مئی کو ہونے والے دوسرے کوالیفائر کی میزبانی سابق مقررہ پروگرام کے تحت وانکھڈے اسٹیڈیم ہی کرے گا ۔ وانکھڈے اسٹیڈیم پہلے ہی ممبئی انڈین کے تین گھریلو مقابلوں کی میزبانی کرچکا ہے اور اسے 23اور 25مئی کو دو اور مقابلوں کی میزبانی کرنی ہے ۔ اس درمیان ممبئی کرکٹ کلب آف انڈیا کے برے بورن اسٹیڈیم کو 28مئی کو ہونے والے مقابلے کی میزبانی دی گئی ہے ۔
گھریلو میچ رانچی منتقل کرنے سے دھونی ٹیم مایوس
آئی پی ایل لیگ کے اس سیزن میں بھی چینائی سوپر کنگس نے اب تک زبردست مظاہرہ کیا ہے ‘ پھر بھی ٹیم مایوس نظر آرہی ہے اور اس کی وجہ ہے ان کے گھریلو مقابلوں کو رانچی منتقل کیا جانا ہے ۔ چینائی سوپر کنگس کے کوچ اسٹیفن فلمنگ نے بتایا کہ ان کی ٹیم آئی پی ایل انتظامیہ کے ذریعہ چینائی کے گھریلو مقابلوں کو رانچی منتقل کئے جانے کے فیصلے سے بیحد ناراض ہیں ۔ واضح رہے کہ چینائی سوپر کنگس ٹیم اپنے گھریلو میچ چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلتی ہے ‘ تاہم اب اسے اگلے دو مقابلوں کیلئے رانچی منتقل کردیا گیا ہے ۔ دراصل ٹاملناڈو کرکٹ اسوسی ایشن 18اور 22مئی کو ہونے والے مقابلوں کیلئے این او سی پانے میں ناکام رہا ہے ۔ اس وجہ سے میچ کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ فلیمنگ نے کہا کہ یوں تو ہمیں سارے ہندوستان میں حمایت حاصل ہے تاہم چدمبرم اسٹیڈیم میں شائقین کے سامنے میچ کھیلنے کو لیکر ہم بیحد پُرجوش تھے مگر میچ منتقل ہونے سے اب ہم صدمہ میں ہیں ۔ حالانکہ رانچی بھی ہمارے لئے دوسرا گھر ہے اور ہمارا مظاہرہ وہاں بھی بہت اچھا رہا ہے ۔ لیکن چینائی واپس نہیں لوٹنے سے ہمیں مایوسی ہوئی ہے ۔ واضح رہے کہ چینائی سوپر کنگس نے ہفتہ کو ممبئی کو شکست دے کر ساتویں کامیابی درج کی ہے ۔