نئی دہلی ۔12 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمیر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے ابتدائی مقابلوں کی میزبانی متحدہ عرب امارات کررہا ہے جبکہ بنگلہ دیش کو بھی محفوظ مقام مقرر کیا گیا ہے ۔ بی سی سی آئی کی جانب سے اس اعلان کے بعد آئی پی ایل 7 کی میزبانی کے متعلق ایک ہفتہ سے کی جانے والی تمام تر پیش قیاسی ختم ہوچکی ہیں۔ 16 اپریل تا یکم جون تک کھیلے جانے والے ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ کے افتتاحی مقابلے متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوں گے ۔ بی سی سی آئی کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے بموجب ہندوستان میں 13 مئی سے مقابلوں کا انعقاد ممکن ہوگا لیکن بورڈ اس بات کا کوشاں ہے کہ یکم مئی سے ہی ہندوستان میں مقابلوں کے انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے ۔ امید کی جارہی ہے کہ حکومت کی اجازت کے بعد آئی پی ایل کے مقابلے جتنی جلدی ہوسکے ہندوستان منتقل کردیئے جاسکتے ہیں۔
بی سی سی آئی کی جانب سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بورڈ کے سکریٹری سنجے پاٹل نے کہا ہے کہ بی سی سی آئی 2014 ء پیپسی آئی پی ایل کے سیزن کی تفصیلات کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہی ہے جیسا کہ آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز 16 اپریل 2014 کو ہوگا اور خطابی مقابلہ اتوار یکم جون 2014 کو کھیلا جائے گا ۔ دریں اثناء ٹورنمنٹ کا ابتدائی مرحلہ متحدہ عرب امارات کے تین مقامات ابوظہبی ، دوبئی اور شارجہ میں 16 تا 30 اپریل کو منعقد ہوگا ۔ 16 اپریل بروز چہارشنبہ تا 30 اپریل بروز چہارشنبہ اس دوران 16 مقابلے متحدہ عرب امارات کے مذکورہ بالا تین مقامات میں کھیلے جائیں گے ۔ اس کیلئے بی سی سی آئی نے ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے اظہارتشکر بھی کیا ہے جس کی چیرمین عزت مآب شیخ نہیان المبارک النہیان ہیں۔ جنھوں نے مملکت کی مدد سے آئی پی ایل کے ابتدائی مقابلوں کی میزبانی کو یقینی بنایا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب آئی پی ایل کے دوسرے مرحلے کے مقابلے بنگلہ دیش میں منعقد ہوسکتے ہیں لیکن بورڈ کوشاں ہے کہ ان مقابلوں کو ہندوستان میں ہی منعقد کیا جاسکے ۔ لیکن اس کے لئے حکومت کی اجازت ضروری ہے ۔
بی سی سی آئی نے پیر 12 مئی سے مقابلوں کے انعقاد کو ہندوستان میں ممکن بنانے کیلئے حکومت سے رابطہ کیا ہے تاکہ ان مقابلوں کو اُن شہروں میں منعقد کیا جاسکے جہاں عام انتخابات کے لئے رائے دہی نہیں ہوگی ۔ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بی سی سی آئی اُن تمام امکانات پر غور کررہی ہے جس کے ذریعہ مقابلوں کا دوسرا مرحلہ ہندوستان میں ہی منعقد کیا جاسکے اور اگر ان مقابلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے میں دشواری ہوگی تو پھر ان مقابلوں کو بنگلہ دیش میں منعقد کیا جاسکتا ہے جس کے لئے بی سی سی آئی نے بنگلہ دیش کی حکومت اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے ان کا تعاون پر اظہارتشکر بھی کیا ہے ۔ تیسرے مرحلے کے مقابلے ہندوستان میں ہی منعقد ہوں گے کیونکہ ان مقابلوں کا آغاز 13 مئی کو ہوگا جو دراصل ہندوستان کی تمام ریاستوں میں عام انتخابات کے ختم ہونے کے بعد کی تاریخ ہے ۔ بی سی سی آئی نے یہ بھی کہا ہے کہ انتخابات کے بعد بھی اگر کسی طرح کا امتناع عائد رہے گا تو پھر ممکنہ راستہ پر بھی غور کیا جائے گا ۔