آئی پی ایل کی ہندوستان واپسی ‘ آج چینائی بمقابلہ کولکتہ

رانچی۔یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات میں ابتدائی مرحلے کے 20مقابلوں کے انعقاد کے بعد انڈین پریمیئر لیگ کی ہندوستان واپسی ہوچکی ہے اور کل ہندوستان میں ٹورنمنٹ کا پہلا مقابلہ چینائی سوپر کنگس اور کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ متحدہ عرب امارات کے افتتاحی مقابلے میں 200رنز اسکور کرنے کے باوجود مہیندر سنگھ دھونی کی زیر قیادت ٹیم کو پنجاب کے خلاف حیران کن شکست برداشت کرنی پڑی ہے ۔ تاہم کل وہ ہندوستان میں کھیلے جانے والے پہلے مقابلے میں کولکتہ کو شکست دیتے ہوئے یہاں ٹورنمنٹ کے کامیاب آغاز کی خواہاں ہے ۔سابق چمپئن جسے متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے پانچ مقابلوں میں دو فتوحات حاصل ہوئی ہیں

اور وہ امید کررہی ہے کہ ٹورنمنٹ کے ہندوستان منتقلی کے بعد اس کی قسمت مزید بہتر ہوگی ۔جہاں تک دونوں ٹیموں کے کپتانوں کا تعلق ہے مہیندر سنگھ دھونی ہمیشہ ہی خود اعتماد نظر آتے ہیں جنہوں نے اپنی ٹیم چینائی سوپر کنگس کو متعدد مرتبہ خطابات دلوائے ہیں ۔ دھونی کے ہم منصب گوتم گمبھیر کیلئے رواں سیزن انتہائی مشکل ثابت ہورہا ہے جیسا کہ انہوں نے پانچ مقابلوں میں صرف 40سے زائد رنز اسکور کئے ہیں جب کہ تین مرتبہ وہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین کی راہ اختیار کرچکے ہیں ۔ گمبھیر کو بھی امید ہے کہ ٹورنمنٹ کی ہندوستان واپسی کے بعد ان کا بیٹنگ فام بھی بحال ہوجائے گا ۔