آئی پی ایل کی آمدنی کا ؤنٹیز کو دینے کا مطالبہ

لندن۔18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) انگلش کائونٹی حکام کھلاڑیوں کے آئی پی ایل میں شرکت کی وجہ سے مسلسل برہم اور ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے17 کائونٹیز حکام ایک طویل اجلاس بھی کرچکے ہیں اور اب تازہ ترین مطالبہ یارک شائر کائونٹی کے ڈائریکٹر اور سابق انگلش کرکٹر ایلک اسٹورٹ کی جانب سے سامنے آیا ہے۔ اسٹورٹ نے کہا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ آئی پی ایل کے کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی وجہ سے ملنے والی رقم کائونٹیز میں تقسیم کرے۔ واضح رہے کہ بی سی سی آئی گزشتہ سال تک ہرکھلاڑی کے معاوضے کا 10 فیصد انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو دیتا آیا ہے، جو اس سال 20 فیصد میں تبدیل ہوگیا ہے۔ اسٹورٹ نے مزید کہا کہ اتنے عرصے سے بورڈ یہ رقم لے رہا ہے، اسے کرکٹ کی بہتری کے لئے صرف ہونا چاہئے اور کائونٹی کلبز ہی ہیں جو کھلاڑیوں کے جانے کی وجہ سے متاثر ہوتے ہیں۔اسٹورٹ نے کہا ہے کہ 12 انگلش کھلاڑیوں کے معاوضوں کا 20 فیصد ایک بڑی رقم ہوگی جو کائونٹیز کو دینی چاہیئے۔ دریں اثنا انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل سے متاثر ہونے والی کائونٹیز کو یقین دہانی کروائی ہے کہ آئی پی ایل سے آنے والی آمدنی میں ان کو شامل کرنے کے معاملے کا جائزہ لیا جائے گا ۔