آئی پی ایل کو نشانہ بنانے پر بی سی سی آئی کی بوتھم پر تنقید

ممبئی ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی نے آج انگلینڈ کے سابق آل راونڈر ایان بوتھم کی جانب سے دولت سے مالامال انڈین پریمیئر لیگ پر کی جانے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے انگلش آل راونڈر کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری سنجے پٹیل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہیکہ سب سے پہلے بوتھم کو اپنے حقائق صحیح کرنے دیجئے کیونکہ بی سی سی آئی تقریباً 10 ملین ڈالر تقسیم کرتا ہے جس کی وجہ سے دنیا کے دیگر ممالک کے کرکٹ بورڈ اپنے کھلاڑیوں کو اس ٹورنمنٹ میں شرکت کی اجازت دیتے ہیں۔ بوتھم نے 3 ستمبر کو لارڈس میں منعقدہ ایم سی سی کے سالانہ اجلاس میں آئی پی ایل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کس طرح اس ٹورنمنٹ کو منعقد کیا جاتا ہے جہاں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو موٹی رقم فراہم کی جاتی ہے جبکہ جو بورڈ ان کھلاڑیوں کو دنیا کے سامنے متعارف کرتے ہیں انہیں نظرانداز کیا جاتا ہے۔ بوتھم نے آئی پی ایل کو برخاست کرنے کا بھی مطالبہ کیا کیونکہ یہ اتنا طاقتور ہے جو دور رس نتائج کے طور پر کرکٹ کو نقصان پہنچانے کے علاوہ کھیل میں بدعنوانیوں اور سٹے بازی کو فروغ دیتا ہے۔