آئی پی ایل کرکٹ میاچس پر سٹہ بازی کا ریاکٹ بے نقاب

تین رکنی سٹہ بازوں کی ٹیم گرفتار ، ڈی سی پی ٹاسک فورس پی رادھا کشن راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ /24 اپریل (سیاست نیوز) آئی پی ایل کرکٹ میچیس پر بڑے پیمانے پر سٹے بازی چلانے والے ایک ریاکٹ کو ٹاسک فورس پولیس نے بے نقاب کرتے ہوئے تین رکنی سٹے بازوں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے نقد رقم اور دیگر اشیاء برآمد کرلی ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس پی رادھا کشن راؤ کے بموجب اس ٹولی کا سرغنہ 54 سالہ راجیش سنگھ ساکن دتاتریہ کالونی آصف نگر ہے جو اپنے دو ساتھیوں نیرج سنگھ اور لکشمی کانت ورما کے ساتھ ملکر آئی پی ایل کرکٹ میچیس پر سٹہ چلارہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 مہینوں سے راجیش سنگھ 25 تا 30 جواڑیوں کی نشاندہی کرکے دونوں شہر میں سٹہ کا کاروبار چلارہا تھا ۔ /23 اپریل کو منعقدہ چینائی سوپر کنگس اور سن رائزرس حیدرآباد کے درمیان کھیلے گئے کرکٹ میچیس کے دوران بھی مذکورہ سٹہ بازوں نے سٹہ کی رقم حاصل کی ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس ویسٹ زون انسپکٹر گٹو ملو نے اپنی ٹیم کے ساتھ آصف نگر میں واقع ایک مکان پر دھاوا کرتے ہوئے راجیش سنگھ اور اس کے دو ساتھیوں کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے ایک لاکھ 50 ہزار نقد رقم ، ٹیلی ویژن سٹ ، سیٹ اپ باکس اور سٹے میں استعمال کئے جانے والی اشیاء بھی ضبط کرلئے اور انہیں آصف نگر پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا گیا ۔