حیدرآباد ۔ /18 اپریل (سیاست نیوز) آئی پی ایل کرکٹ میچیس پر سٹے کے کاروبار کے خلاف پولیس کی کارروائی ہنوز جاری ہے اور تازہ واقعہ میں کمشنر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے شاہ عنایت گنج کے علاقے چوڑی بازار میں چلائے جارہے کرکٹ پر سٹہ بازی کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے نقد رقم و دیگر اشیاء برآمد کرلئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 38 سالہ منیم سوامی جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہے کم آمدنی اور معاشی پریشانیوں کے نتیجہ میں اپنے ایک ساتھی 37 سالہ کے سائی ناتھ نے جاریہ آئی پی ایل کرکٹ میچیس پر سٹہ کا کاروبار شروع کیا ۔ اسی دوران مذکورہ سٹے باز سورج نامی بوکی سے ربط پیدا کیا اور گھانسی بازار کے وشال کی مدد سے سٹہ کی بولی وصول کررہے تھے ۔ ٹاسک فورس کو اس بات کی اطلاع ملنے پر ممبئی انڈینس اور رائل چیالنجرس بنگلور کرکٹ میچ پر بڑے پیمانے پر سٹے بازی چلائے جانے کی اطلاع پر شاہ عنایت گنج علاقہ میں دھاوا کیا گیا جہاں سے منیم سوامی اور کے سائی ناتھ کو گرفتار کرلیا گیا ۔ اس کارروائی میں ٹاسک فورس نے ایک لاکھ 18 ہزار نقد رقم ، موٹر سائیکل اور چار موبائیل فون برآمد کرتے ہوئے ان کے خلاف مزید کارروائی کیلئے پولیس اسٹیشن شاہ عنایت گنج کے حوالے کیا گیا ۔