کراچی ۔24مئی ( سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ آئی پی ایل کے انتظامیہ کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹوئنٹی 20ٹورنمنٹ سے دور رکھنے کے فیصلہ کی وجہ سے دنیائے کرکٹ میں ہندوستان کی ساکھ متاثر ہوئی ہے ۔ لاہور میں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ یہ تعجب خیز ہے کہ آئی پی ایل میں ساری دنیا کے کھلاڑی شرکت کررہے ہیں صرف پاکستانی کھلاڑیوں کو ہندوستانی ارباب مجاز نے نظرانداز کردیا ہے۔ آفریدی نے کہا کہ اس پالیسی سے ہندوستانی کرکٹ کی ساکھ دنیا بھر متاثر ہوئی ہے ۔ آفریدی نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہندوستانی کرکٹ کی حمایت کی ہے ا
ور تعلقات کو بہتر بنانے میں اپنا تعاون دیا ہے ۔ آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ ہی کہا ہے کہ وہ کرکٹ کے علاوہ سیاسی طریقہ سے بھی دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ 2015ء ورلڈ کپ کے بعد ونڈے کرکٹ سے سبکدوشی کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے آل راؤنڈر آفریدی نے کہا کہ ورلڈ کپ کے بعد وہ حالات کا جائزہ لیتے ہوئے سبکدوشی کا فیصلہ کریں گے ۔ کیونکہ فٹنس اور مظاہروں کی بنیاد پر ہی وہ فیصلہ کریں گے ۔ آفریدی کے بموجب ونڈے ورلڈ کپ کے بعد عین ممکن ہے کہ وہ ونڈے کرکٹ کو خیرباد کہتے ہوئے صرف ٹوئنٹی 20کرکٹ پر توجہ مرکوز کریں گے ۔ آفریدی نے چار سال قبل ٹسٹ کرکٹ کو خیرباد کہا ہے ۔