آئی پی ایل میڈیا حقوق کا آج ہراج

بی سی سی آئی کو 20,000 کروڑ روپئے کی آمدنی کی توقع
ممبئی ۔ /3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر کی سرکردہ کارپوریٹ کمپنیاں مختلف حقوق کے لئے بی سی سی آئی سے ممبئی میں اس کے ہیڈ کواٹرس سے رجوع ہورہی ہیں جہاں دوشنبہ کو آئی پی ایل میڈیا حقوق کا ہراج کیا جائے گا ۔ تاہم بی سی سی آئی کے چیرمین راجیو شکلا خود کو اس اہم تقریب سے دور رکھیں گے ۔ بولی لگانے کے رسمی عمل سے بی سی سی آئی جیسے نوٹوں کی بارش کی توقع کررہی ہے کیونکہ ابتدائی تخمینہ کے مطابق کرکٹ کے اس اساسی ادارہ کو آئی پی ایل میڈیا حقوق کے ہراج سے 20,000 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوگی ۔ ان حقوق کو دو زمروں نشریات اور ڈیجیٹل (انٹرنیٹ / موبائیل) میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ پیشکش کردہ حقوق میں برصغیر ہند میں ٹی وی نشریاتی حقوق سب سے زیادہ پرکشش ہیں جبکہ ڈیجیٹل حقوق کی بھی زبردست مانگ ہے ۔ علاوہ ازیں ماباقی دنیا کیلئے بھی ذرائع ابلاغ کے حقوق کا ہراج بھی ہے ۔ جس میں مشرق وسطیٰ ، افریقہ ، یوروپ ، امریکہ ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسے اہم بین الاقوامی مارکٹس شامل ہیں ۔ یہ حقوق 2022-2018 ء تک یعنی پانچ سالہ میعاد کے لئے ہوں گے ۔ بی سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) راہول جوہری نے کہا کہ مختلف اداروں کی طرف سے ظاہر کی جانے والی غیر معمولی دلچسپی کے پیش نظر مجوزہ آئی پی ایل میڈیا حقوق کے ہراج سے تاریخی آمدنی ہوگی ۔ سرکردہ ٹیلی کام ادارہ ’’ایرٹیل‘‘ اور ویب خدمات فراہم کرنے والا ادارہ ’’یاہو‘‘ بھی بولی دہندگان کی دستاویزات حاصل کئے ہیں ۔