نئی دہلی ۔10اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر سے 2013ء میں آئی پی ایل کیلئے منتخب ہونے والے پہلے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد پرویز رسول ٹوئنٹی 20کے ساتویں سیزن کیلئے پُرعزم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ بحیثیت کرکٹر ان کی ترقی میں آئی پی ایل کلیدی رول ادا کرے گا ۔ آل راؤنڈر پرویز رسول کو سن رائیزرس حیدرآباد نے 95لاکھ عوض حاصل کیا ہے اور حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ٹیم کا ماننا ہے کہ پرویز رسول کی شمولیت ٹیم کو مستحکم کرے گی جب کہ خود کھلاڑی کو امید ہے کہ حیدرآباد کی کامیاب نمائندگی کے ذریعہ وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر خود کو ثابت کریں گے ۔ خبرساں ایجنسی پی ٹی آئی سے اظہار خیال کرتے ہوئے پرویز رسول نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہر کھلاڑی کو حاصل ہونے والے موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیئے اور مجھے امید ہے کہ آئی پی ایل میری صلاحیتوں کو منوانے کیلئے ایک بہترین پلاٹ فارم ہوگا ‘ کیونکہ یہ ٹورنمنٹ نہ صرف بین الاقوامی سطح پر دیکھا جاتا ہے بلکہ قومی سلکٹرس اس پر نگاہ جمائے رکھتے ہیں ۔ 25سالہ پرویز رسول سن رائیزرس کی ٹیم میں قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم میںموجود رہیں گے ۔ ٹیم کی قیادت ہندوستانی اوپنر شکھر دھون کررہے ہیں
۔ جموں و کشمیر کے کپتان پرویز رسول مانتے ہیں کہ شکھر دھون کی قیادت کے علاوہ دنیا کے نمبر ایک فاسٹ بولر ڈین اسٹین ‘ ڈیرین سیمی اور ایشانت شرما کے ساتھ انہیں اپنی صلاحیتیں منوانے کا پورا موقع ملے گا ۔ آف اسپنر کا کہنا ہے کہ نیشنل اور انٹرنیشنل اسٹار کھلاڑیوں کی موجودگی سے سن رائیزرس حیدرآباد کی ٹیم کو نہ صرف استحکام ملا ہے بلکہ انفرادی طور پر انہیں ان کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ کھیلتے ہوئے خود کو ترقی دینے کا موقع ملے گا ۔ پرویز رسول نے مزید کہاکہ وہ پوری کوشش کریں گے تاکہ میدان اور میدان کے باہر وہ ان کھلاڑیوں کے ساتھ وقت گذاریں اور انہیں امید بھی ہیکہ جب کبھی انہیں قطعی 11کھلاڑیوں میں موقع ملے گا وہ بہتر مظاہرہ کرنے کیلئے صدفیصد کارکردگی دکھائیںگے ۔ گذشتہ سیزن پرویز رسول نے پونے واریئرس کی نمائندگی کی تھی اور ویراٹ کوہلی کی زیرقیادت زمبابوے کا دورہ کرنے والی ہندوستانی ٹیم نے جموں کشمیر کے آل راؤنڈر شامل تو تھے لیکن انہیں قطعی 11کھلاڑیوں میں شرکت کا موقع نہیں دیا گیا ۔
گذشتہ سیزن پونے واریئرس کیلئے انہیں صرف دو مقابلے کھیلنے کا موقع ملا ۔ اس ضمن میں پرویز کاکہنا ہے کہ کریئر میں نشیب و فراز کا سامنا کرنا پڑتاہے لیکن میں ان تمام حالات کے باوجود ان سے مثبت پہلوؤں کو حاصل کررہا ہوں ۔ پرویز نے کہا کہ وہ خود کو اس لئے خوش قسمت تصور کرتے ہیں کیونکہ نہ صرف انہیں آئی پی ایل میں شرکت کا موقع ملا بلکہ ہندوستانی ٹیم کے ہمراہ زمبابوے کا دورہ کرنے کا بھی موقع ملا ہے ۔ حالانکہ کئی ایسے کھلاڑی موجود ہیں جنہیں یہ موقع بھی دستیاب نہیں ہوا ہے ۔جموں وکشمیر کے کھلاڑیوں کیلئے سخت حالات کی موجودگی پر تبصرہ کرتے ہوئے پرویز نے کہا کہ مظاہروں کے ذریعہ منفی خیالات کو ختم کیا جاسکتا ہے ۔ پرویز کے بموجب جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے گذشتہ چند برسوں کے دوران بہتر مظاہرے کئے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف انہیں زونل کرکٹ میں موقع دیا گیا بلکہ آئی پی ایل کیلئے بھی ان پر غور کیا جارہا ہے ۔