کولکتہ 23 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل ) کے کل یہاں کھیلے جانے والے فائینل میچ میں چینائی سوپر کنگس (سی ایس کے ) اور ممبئی انڈینس کے درمیان انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ متوقع ہے ۔ چینائی سوپر کنگس ماضی میں دو مرتبہ آئی پی ایل چیمپئن رہی ہے اور رواں سیزن میں اس نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس کے مد مقابل ممبئی انڈینس ہیں جو اگرچہ دیر سے ابھرنے کے بعد اپنے کھیل کو بدستور مستحکم رکھے ہوئے ہیں۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنس پر کل کھیلے جانے والے فائینل کے ساتھ ہی ٹی ۔ 20 کرکٹ کا یہ پُر بہار تہوار اختتام پذیر ہوگا ۔ رواں سال کا آئی پی ایل ٹورنمنٹ کسی بھی قسم کے تنازعہ سے نسبتاً پاک رہا ۔ 2013 کے میچ فکسنگ اسکینڈل کے بعد چینائی سوپر کنگس کئی تنازعات میں گھر چکی تھی ۔ رواں سیزن میں بھی اس کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ سے مسائل کا سامنا رہا ۔ لیکن یہ تنازعہ 2013 جیسا نہیں تھا۔
اس کے باوجود آئی پی ایل کا آٹھواں سیزن ڈرامائی صورتحال سے پوری طرح پاک صاف بھی نہیں رہا ۔ کسی ٹیم کے کھلاڑی سے ایک بُکی کے رجوع ہونے کی اطلاعات منظر عام پر آئیں ۔ کھیل کے میدان پر کھلاڑیوں کے درمیان لفظی جھڑپ‘ بحث و تکرار کے مناظر دیکھے گئے ۔ ان حالات کے درمیان مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں چینائی سوپر کنگس بھر پور مستعدی کے ساتھ اپنا کام کرتی رہی۔ کامیابی کی منازل طئے کرتی ہوئی فائینل تک رسائی حاصل کی ۔ جس سے دھونی کی ٹیم کو زبردست استحکام حاصل ہوا ہے ۔ دو سال قبل 26 مئی کو اسی مقام پر ممبئی انڈینس نے دھونی کی ٹیم کو تیسرے ٹائیٹل کے حصول سے محروم کردیا تھا ۔ پوائنٹس کے ٹیبل پر سرفہرست سی ایس کے کو ٹیبل پر دوسرے مقام کے حامل ممبئی انڈینس کے خلاف پہلے کوالیفائرس میں 25 رن سے شکست ہوگئی تھی لیکن کل رات کھیلے گئے دوسرے کوالیفائر میں چینائی نے کامیابی حاصل کرلی ۔ اس طرح وہ چھٹویں مرتبہ فائنل میں پہونچ گئی ۔