شارجہ 27 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل ساتویں ایڈیشن کے ایک دلچسپ مقابلے میں دہلی ڈیر ڈیولس کی ٹیم نے دفاعی چمپئن ممبئی انڈینس کے خلاف چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ اس میچ میں ممبئی کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ ممبئی کی ٹیم ابتدائی بیٹنگ کرتے ہوئے کوئی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور ایک بار پھر اس کے بلے باز ٹیم کی توقعات پر پورے نہیں اتر سکے ۔ ممبئی کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے 20 اوورس میں چھ وکٹس کے نقصان پر صرف 125 رنز بنائے تھے ۔ اوپنر اور کپتان روہت شرما صرف چار رن بناکر رن آوٹ ہوئے جبکہ دوسرے اوپنر ٹارے بھی صرف آٹھ رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ پارنیل کی گیند پر ڈی کاک نے ان کا کیچ لیا ۔ اینڈرسن بھی دو چوکوں کی مدد سے صرف 13 رن ہی بناسکے اور اناڈکٹ کی گیند پر ڈی کاک نے ان کا کیچ لیا ۔ امباٹی رائیڈو بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہیں ٹک سکے
اور ایک چوکے کی مدد سے 21 گیندوں میں 14 رن بناکر آوٹ ہوگئے ۔ شہباز ندیم کی گیند پر شکلا نے ان کا کیچ لیا جبکہ مائیک ہسی بھی آج فارم میں نہیں تھے ۔ ہسی نے 18 گیندوں کا سامنا کیا اور کسی چوکے کے بغیر صرف 10 رن بناکر اناڈکٹ کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ ویسٹ انڈیز کے بلے باز کیران پولارڈ نے ٹیم کیلئے اہم رنز جوڑے انہوں نے 30 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے ۔
وہ ناٹ آوٹ رہے ۔ گوتم 18 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 22 رن باکر رن آوٹ ہوگئے جبکہ ہربھجن سنگھ پانچ گیندوں میں ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 10 رن بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے ۔ ظہیر خان صفر کے اسکور پر ناٹ آوٹ رہے ۔ جواب میں دہلی نے چار وکٹس کے نقصان پر 18.5 اوورس میں 126 رن بناکر میچ جیت لیا ۔ اوپنر ڈی کاک 16 رن پر اینڈرسن کی گیند پر ہسی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے ۔ مرلی وجئے نے سب سے زیادہ 40 رن بنائے ۔ ان میں ایک چھکا اور چار چوکے شامل ہیں۔ روہت شرما نے انہیں بولڈ کیا ۔ ڈومینی 19 رن بناکر ملنگا کی گیند پر آوٹ ہوئے جبکہ کیون پیٹرسن 18 گیندوں میں ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 26 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ جادھو 10 رن پر ناٹ آوٹ رہے ۔