حیدرآباد ، 15 مئی (سیاست نیوز ) انڈین پریمیر لیگ کے آج رات ایک اہم مقابلے میں جو میزبان سن رائزرس حیدرآباد اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان یہاں سے قریب اوپل کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، بارش نے کافی کھلبلی مچائی اور کئی گھنٹے نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ شائقین کرکٹ کو بھی بے چین رکھنے کے بعد آخرکار مہمان کپتان ویراٹ کوہلی نے اپنی ٹیم کو ڈکورتھ لوئس طریقہ کار کے تحت صرف ایک گیند قبل چھ وکٹ کی جیت سے ہمکنار کرایا۔ قبل ازیں میچ کے آغاز کے مقررہ وقت پر میزبان کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا کہ بارش شروع ہوگئی۔ چنانچہ کافی وقت ضائع ہونے پر 11 اوورز فی ٹیم طئے کئے گئے۔ اور حیدرآباد نے 135/3 اسکور کئے جو موئزس ہنریکس کے دھواں 57 رنز (22 گیندیں) اور وارنر کے 52* رنز (32 گیندیں) کے بل بوتے پر ممکن ہوا۔ تاہم دوبارہ بارش کے باعث 6 اوورز میں 81 کے ٹارگٹ پر مہمان اوپنر کرس گیل نے محض 10 گیندوں میں 35 رنز بٹورے۔ بعدازاں ’مین آف دی میچ‘ کوہلی نے 44 ناٹ آؤٹ (19 گیندیں) کی اننگز کے ذریعے 5.5 اوورز میں جیت مکمل کی۔