آئی پی ایل اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ

تمام ملزمین اور جھارکھنڈ اسوسی ایشن میں ساز باز کا الزام : ورما
نئی دہلی 13 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) جھارکھنڈ اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن اور آئی پی ایل بیٹنگ اسکینڈل کے تمام ملزمین کے مابین ساز باز کا الزام عائد کرتے ہوئے غیر مسلمہ بہار کرکٹ اسوسی ایشن کے سربراہ آدتیہ ورما نے مطالبہ کیا ہے کہ اس اسکام کی سی بی آئی یا این آئی اے کے ذریعہ تحقیقات کروائی جانی چاہئیں۔ مسٹر ورما نے ‘ جن کی درخواست پر بیٹنگ اسکینڈل کا مقدمہ سپریم کورٹ تک پہونچا اور بی سی سی آئی سربراہ این سرینواسن کو مستعفی ہونا پڑا تھا ‘ کہا کہ جھارکھنڈ کرکٹ اسوسی ایشن تمام ملزمین سے ساز باز رکھتی ہے ۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ممبئی پولیس کی جانب سے دائر کردہ چارچ شیٹ کے بموجب یہ ریکارڈ ہے

کہ سندر رمن ایک میچ میں فکسنگ کے سلسلہ میں وندو دارا سنگھ سے راست رابطہ میں تھے ۔ سندر رمن نے کولکتہ نائیٹ رائیڈرس اور رائل چیلنجرس بنگلور کے مابین میچ کی اطلاعات وندو دارا سنگھ تک پہونچانے کا کام کیا تھا ۔ یہ میچ رانچی میں کھیلا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی پولیس کی داخل کردہ چارچ شیٹ کے مطابق سٹہ باز بھی اسی ہوٹل میں مقیم تھے جس میں کھلاڑی مقیم تھے ۔ یہ ہوٹل ریڈیسن بلیو رانچی تھی ۔ یہ تمام انتظامات جھارکھنڈ کرکٹ اسویس ایشن نے کئے تھے جس کے سربراہ امیتابھ چودھری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ ظاہر کرتا ہے کہ کرکٹ عہدیداروں اورسٹہ بازوں کے مابین ساز باز رہی ہے ۔ اب تک جھارکھنڈ کرکٹ اسوسی ایشن نے اس معاملہ میں اپنا موقف واضح نہیں کیا ہے جس سے شکوک و شبہات بڑھ جاتے ہیں۔ مسٹر ورما نے کہا کہ جھارکھ۔ڈ کرکٹ اسوسی ایشن کے سربراہ امیتابھ چودھری ‘ بی سی سی آئی کے سبکدوش سربراہ سرینواسن سے قریبی روابط رکھتے ہیں۔