خاتون زخمی ، حملہ آور گرفتار، ملزم کے دماغی حالت کا پتہ لگانے کی کوشش
حیدرآباد ۔ /4 جولائی (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز کے بی آر پارک میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک شخص نے آئی پی ایس عہدیدار کی بیوی پر اچانک حملہ کردیا ۔ تفصیلات کے بموجب کل شام بنجارہ ہلز کے بی آر پارک میں چہل قدمی کیلئے پہونچنے والی آئی پی ایس عہدیدار درگا پرساد کی اہلیہ سجاتا کل شام پارک پہونچی تھی کہ وہاں پر پہلے سے ہی موجود ایک نامعلوم شخص نے ان پر لکڑی سے وار کردیا ۔ اس واقعہ میں سجاتا زخمی ہوگئی اور وہ اچانک نیچے گرپڑی ۔ خاتون پر اچانک حملے کے بعد پارک میں سنسنی پھیل گئی اور چہل قدمی کیلئے پہونچنے والے افراد نے آئی پی ایس عہدیدار کی اہلیہ کو فوری اپولو جوبلی ہلز دواخانہ منتقل کیا ۔ جبکہ حملے کے بعد وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے 40 سالہ جی وینکٹ رمنا کو وہاں پر موجود افراد نے پکڑ لیا اور پارک کے سکیورٹی کارڈ کے حوالے کردیا۔ بنجارہ ہلز پولیس انسپکٹر مسٹر کے سرینواس نے کہا کہ وینکٹ رمنا کی دماغی حالت کا پتہ لگانے کیلئے ماہر نفسیات سے مشورہ کیا جارہا ہے جبکہ ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ وینکٹ رمنا گزشتہ 20 دن سے کے بی آر پارک آرہا تھا اور چہل قدمی کرنے والے افراد پر نظر رکھے ہوئے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی ایس عہدیدار کی بیوی پر حملہ کرنے کی وجہ کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ حملے کے بعد پولیس نے مقام واردات پر کلوز ٹیم ، ڈاگ اسکواڈ کو طلب کرتے ہوئے وہاں پر موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرلی ۔ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرلیا ہے ۔