مڑگاؤں ۔ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہیرو آئی لیگ میں ڈیمپو اور اسپورٹنگ کلب ڈی گوا کے درمیان کل نہرو اسٹیڈیم میں سنسنی خیز مقابلہ متوقع ہے۔ پہلے مرحلہ میں گوا کو صفر کے مقابلہ 3 گول سے شکست دینے کے بعد نفسیاتی طور پر ڈیمپو ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔ فیڈریشن کپ میں بہترین کھیل کے مظاہرہ کے بعد شائقین کو ڈیمپو سے کافی توقعات وابستہ ہیں لیکن آئی لیگ میں 5 مرتبہ چمپیئن رہی اس ٹیم کے چند کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے سبب تشویش بھی ہے۔ 10 میچوں میں کھیلتے ہوئے تاحال وہ 9 پوائنٹس کے ساتھ نویں مقام پر ہیں۔ نارائن داس اور پرونی کے سوا اس کے دیگر تمام کھلاڑی فٹ ہیں جو کل گوا کے خلاف کامیابی پر توجہ مرکوز کررہے ہیں تاکہ رینکنگ کے ٹیبل پر اعلیٰ مقام حاصل کیا جاسکے۔ دوسری طرف گوا اسپورٹس کلب 11 میچ کھیلتے ہوئے 5 پوائنٹس کے حصول کے ساتھ رینکنگ ٹیبل میں سب سے آخری مقام پر ہے۔