آئی لیگ فٹبال : چرچل برادرس کا آج سلگاؤکر سے مقابلہ

واسکو 27 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ائر ٹیل آئی لیگ فٹبال میں کل چرچل برادرس کا مقابلہ سلگاؤکر کلب گوا کے ساتھ ہونے والا ہے اور اگر کل کے میچ میں چرچل برادرس کیلئے کامیابی حاصل کرنا ضروری ہوگیا ہے ۔ ٹورنمنٹ میں پہلی مرتبہ حصہ لینے والی بنگلورو ایف سی کی ٹیم کے 23 میچس میں جملہ 44 پوائنٹس ہیں ۔ بنگلور کی ٹیم نے اپنے پہلے ہی ٹورنمنٹ میں خطاب جیت کر تاریخ رقم کی ہے جبکہ اسے ابھی ایک اور میچ کھیلنا باقی ہے ۔ یہ مقابلہ ایسٹ بنگال سے ہونے والا ہے ۔ تاہم محمڈن اسپورٹنگ اور چرل برادرس کے مابین وقار کی بحالی کیلئے مقابلہ درپیش ہے ۔ محمڈن اسپورٹنگ نے اپنا آخری میچ آج ممبئی ایف سی کے خلاف کھیلا تھا اور وہ پوائنٹس کے اعتبار سے سب سے پیچھے ہے ۔

اس کے صرف 21 پوائنٹس ہیں اور چرچل برادرس کے 22 پوائنٹس ہیں ۔ اگر محمڈن کی ٹیم ممبئی ایف سی کے خلاف اپنا میچ ڈرا کرلیتی ہے اور سلگاؤکر کے خلاف چرچل برادرس کو شکست ہوجاتی ہے تو دونوں ہی ٹیمیں 22 پوائنٹس فی کس کے ساتھ ایک ہی مقام پر ہونگی ۔ پوائنٹس کے ٹیبل میں سلگاؤکر کی ٹیم بھی اچھا موقف رکھتی ہے ۔ سلگاؤکر نے 23 میچس میں 39 پوائنٹس حاصل کئے ہیں ۔ ایک موقع پر وہ ایسٹ بنگال سے صرف ایک پوائنٹ کے فرق سے آگے تھے اور انہیں دوسرا مقام حاصل تھا ۔ سلگاؤکر کی ٹیم اگر اس ٹورنمنٹ میں دوسرے مقام پر پہونچ جاتی ہے تو اسے اے ایف سی کپ میں کھیلنے کا ومقع مل سکتا ہے ۔ چرچل برادرس کی ٹیم میں عبدالحامد شبانہ چونکہ کل کے میچ کیلئے معطل کردئے گئے ہیں ان کی بجائے ڈیفینڈر سنجے بالموچو کو شامل کیا گیا ہے اس کے باوجود چرچل برادرس کیلئے کل کا میچ آسان نہیں کہا جاسکتا ۔