آئی سی سی کنٹرول کی تجویز قبول کرلیں: رمیز راجہ

کراچی ۔ 27 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ آئی سی سی کا کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اس تجویز پر رائے شماری ہونے کا امکان ہے ، کچھ لوگ اس تجویز کے حق میں ہیں اور کئی سخت خلاف ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایک پروگرام میں رمیز راجہ نے کہا کہ ہندوستان ، انگلینڈ اور آسٹریلیا نے آئی سی سی پر قبضہ کرنے کیلئے جو پوزیشن پیپر بنایا ہے وہ ایک دن ہونا ہی تھا کیونکہ کرکٹ کی عالمی تنظیم کا کردار کافی عرصہ سے غیر فعال تھا ۔ رمیز راجہ نے کہا کہ اس تجویز کی حمایت کیلئے ہندوستان اور انگلینڈ نے پاکستان کو جو پیشکش کی ہیں، اسے قبول کرلینا چاہئے۔

ہندوستانی بورڈ کے سابق نائب صدر للت مودی نے پوزیشن پیپر کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ بات صرف ہندوستان اور پاکستان کی نہیں، کرکٹ کھیلنے والے دیگر ممالک کی بھی ہے۔ اگر big three نے آئی سی سی پر قبضہ جمالیا تو کرکٹ ختم ہوجائے گی ۔ راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کا کہنا تھا کہ وہ بھی اس تجویز کے حق میں نہیں مگر پاکستان کے پاس سوائے اس کی حمایت میں ووٹ دینے کے کوئی دوسرا آپشن موجود نہیں۔
۔