آئی سی سی کا کرپشن کیخلاف انٹرپول سے معاہدہ

دوبئی ۔3 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے کرپشن کے خلاف اقدامات اور کرکٹ کو شفاف کھیل بنانے کی خاطر انٹرپول کے ساتھ اپنے تعاون کومزید مستحکم کرلیا ہے ۔ فریقین کے درمیان آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے منیجر ایلکس مارشل نے انٹرپول کے ہیڈکوارٹر لیوان کا سفر کرتے ہوئے مذاکرات کو یقینی بنایا ہے ۔ فرانس کے دورے کے بعد مارشل کی جانب سے جاری کردہ صحافتی بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی اور انٹرپول نے لیوان مذاکرات کے ذریعہ اتفاق کیا ہے کہ فریقین کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنانے کے علاوہ کرکٹ میں بدعنوانیوں کے خلاف سخت اقدامات کیلئے کام کریں گے ۔ مارشل نے کہاکہ فریقین نے فیصلہ کیا ہے کہ بدعنوانیوں کی روک تھام کیلئے کھلاڑیوں کی معلومات میں اضافہ کرنے کے ساتھ انھیں باشعور بنایا جائے گا ۔