دبئی ۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ کا اجلاس دبئی میں جاری ہے ،اجلاس میں پابندی کا شکار پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کی کرکٹ میں واپسی کا معاملہ بھی زیر بحث ہے۔دبئی میں جاری اجلاس کی صدارات آئی سی سی کے صدر سری نواسن کررہے ہیں ،پی سی بی چیئرمین شہریار خان پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔اجلاس میں آسٹریلیا نیوزی لینڈ میں ہونے ورلڈ کپ کیلئے ضابطہ اخلاق پر بات ہوگی ،اسپاٹ فکسنگ میں پابندی کا شکار فاسٹ بولر محمد عامر کا معاملہ بھی زیر بحث لایا جائے گا۔اگر محمد عامر پر پابندی ہٹا لی گئی تو وہ اگلے ماہ سے ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لے سکیں گے،آئی سی سی کا اجلاس دو روز تک جاری رہے گا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کا کوئی کھلاڑی ان فٹ نہیں :میڈیا منیجر
لاہور۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے میڈیا منیجر امجد حسین نے کہا ہیکہ ٹیم کا کوئی کھلاڑی ان فٹ نہیں ہے اور نہ ہی کسی کے متبادل کافیصلہ کیا گیا ہے۔امجد حسین بھٹی کا کہنا ہے کہ میڈیا میں کھلاڑیوں کی فٹنس سے متعلق چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں ۔ٹیم کے تمام کھلاری مکمل فٹ ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے میڈیا منیجر نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں موجود پاکستان کے کسی کھلاڑی کو کوئی انجری نہیں ،میڈیا میں فٹنس کے حوالے سے چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ،ٹیم کے تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں اور کسی کے متبادل کی درخواست نہیں کی گئی۔