آئی سی سی ٹسٹ ٹیم میں کوئی ہندوستانی نہیں

اشوین 12 ویں کھلاڑی ۔ او ڈی آئی الیون میں محمد سمیع واحد ہندوستانی
دبئی ، 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کوئی بھی ہندوستانی کرکٹر سال 2015ء کی آئی سی سی ٹسٹ ٹیم میں جگہ نہ پاسکا، جبکہ پیس بولر محمد سمیع ’نیلے لباس والوں‘ میں واحد نمائندہ ہیں جنھیں اس سال کی او ڈی آئی ٹیم میں مقام حاصل ہوا، جن کا اعلان آج عالمی تنظیم کی جانب سے کیا گیا ہے۔ تاہم ہندوستانی آف اسپنر روی چندرن اشوین ٹسٹ ٹیم میں 12 ویں کھلاڑی نامزد ہوئے ہیں۔ یہ ٹیمیں خصوصی طور پر مقررہ سلیکشن پیانل نے منتخب کئے، جس کی صدارت آئی سی سی کے کرکٹ کمیٹی چیرمین اور سابق ہندوستانی کپتان انیل کمبلے نے کی۔ اہلیتی مدت 18 سپٹمبر 2014ء سے 13 سپٹمبر 2015ء رہی اور سلیکشن پیانل میں اس کھیل کے ماضی کی عظیم شخصیتیں سابق ویسٹ انڈیز فاسٹ بولر ایان بشپ، سابق انگلینڈ بیٹسمن مارک بوچر، سابق آسٹریلیائی ویمنس کیپٹن بیلندا کلارک کے ساتھ ’دی ہندو‘ اور ’اسپورٹ اسٹار‘ کے ڈپٹی ایڈیٹر جی وشواناتھ شامل کئے گئے۔ انفرادی انعامات کے ونرز کا اعلان اس ماہ کے اواخر کیا جائے گا۔ السٹیر کک کو ٹسٹ ٹیم کا کیپٹن نامزد کیا گیا، جس میں شامل دیگر دو انگلش کرکٹرز اسٹوارٹ براڈ اور جو روٹ ہیں۔ 2009ء سے یہ پانچواں موقع ہے کہ براڈ آئی سی سی ٹسٹ ٹیم آف دی ایئر میں منتخب ہوئے ہیں، جیسا کہ وہ 2009ء، 2011ء، 2012ء اور 2014ء کی ٹیموں میں بھی شامل تھے۔

آئی سی سی ٹسٹ ٹیم 2015ء  (ترتیب بہ اعتبار ِبیٹنگ ):  ڈیوڈ وارنر، السٹیر کک (کیپٹن)، کین ولیمسن، یونس خان، اسٹیون اسمتھ، جو روٹ، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، اسٹوارٹ براڈ، ٹرنٹ بولٹ، یاسر شاہ، جوش ہیزلووڈ۔ 12 ویں کھلاڑی: روی چندرن اشوین۔
آئی سی سی ونڈے ٹیم 2015ء (ترتیب بہ اعتبار بیٹنگ) :  تلک رتنے دلشان، ہاشم آملہ، کمار سنگاکارا (وکٹ کیپر)، اے بی ڈی ولیرز (کیپٹن)، اسٹیون اسمتھ، راس ٹیلر، ٹرنٹ بولٹ، محمد سمیع، مچل اسٹارک، مستفیض الرحمن، عمران طاہر۔ 12 ویں کھلاڑی: جو روٹ۔