آئی سی سی ویمنس ورلڈ ٹی 20 سری لنکا اور جنوبی آفریقہ کا آج مقابلہ

بنگلورو۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی آفریقہ اور سری لنکا کی ویمنس ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 گروپ A کے کل یہاں کھیلے جانے والے ایک میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ اگرچہ یہ دونوں ہی ٹیمیں سیمی فائنلس تک رسائی حاصل کرنے میں پہلے ہی ناکام ہوچکی ہیں۔ ناقابل تسخیر نیوزی لینڈ ویمنس ٹی۔20 ٹیم نے گزشتہ روز کے مقابلہ میں جنوبی آفریقہ حریفوں کو 19.3 اوورس میں محض 99 رنز پر آؤٹ کرتے ہوئے 7 وکٹس سے یہ میچ جیت لیا۔ اس طرح سیمی فائنلس میں رسائی کیلئے جنوبی آفریقہ کی لڑکیوں کا خواب چکناچور ہوگیا۔ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں گزشتہ روز کی ہزیمت سے قطع نظر جنوبی آفریقہ ٹیم کا بیاٹنگ لائن اَپ مستحکم ہے۔ اس کی اوپنر تریشا چٹی قبل ازیں آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے خڈف بالترتیب 34 اور 35 رنز بناچکی ہیں اور کل کے میچ میں بھی اُن سے ایسی ہی توقع کی جارہی ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف 45 رنز بناکر اپنی ٹیم میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی ڈی وان نیکرک اور لزلی لی سے بھی کل بہترین بیٹنگ کی توقع کی جارہی ہے۔ یہ ٹیم اپنی بولر لوروس سے بھی ویسے ہی شاندار مظاہرہ کی توقع رکھتی ہے جس طرح انہوں نے ایک طوفانی بولنگ کے ذریعہ آئرلینڈ کی ٹیم کو محض 89 رنز تک محدود کردیا تھا۔ آسٹریلیا کے خلاف 2 وکٹس حاصل کرنے والی شبنم اسمٰعیل بھی جنوبی آفریقہ بولنگ محاذ کی قیادت کریں گی۔ دوسری طرف سری لنکا کی لڑکیوں کی ٹیم جو گزشتہ روز انگلینڈ کے ہاتھوں 9 وکٹس سے شکست کا سامنا کرنے کے بعد یہ میچ کھیل رہی ہے، ٹیبل میں 2 پوائنٹس کے ہاتھ چوتھے مقام پر اپنی مہم ختم کرنا چاہتی ہے۔ زخمی ششی کلا سربوردنے کی غیرموجودگی میں چامری اٹاپٹو کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوجائے گا۔ اٹاپٹو آئرلینڈ کے خلاف میچ میں 22 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 34 رنز بناچکی ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف سری لنکا کی ٹیم 123 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئی تھی جس میں اس کی صرف 4 کھلاڑیوں نے 2 ہندسوں پر مشتمل اسکور کیا تھا۔ دیگر کھلاڑی 10 سے کم رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ یہ مظاہرہ اس ٹیم کیلئے باعث ِ تشویش ہے۔