آئی سی سی ورلڈ کپ 2015 ء الیون میں کوئی ہندوستانی نہیں

دبئی ، 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کسی بھی ہندوستانی کرکٹر کو آئی سی سی کے ورلڈ کپ الیون (XI ) میں جگہ نہ ملی، جہاں چمپینس آسٹریلیا کی بجائے رنرزاپ نیوزی لینڈ کا غلبہ ہے جیسا کہ بلیک کیاپس کے کپتان برینڈن مک کلم کو اس کا کیپٹن نامزد کیا گیا ہے۔ کوئی پاکستانی بھی آئی سی سی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، جہاں نیوزی لینڈ کے پانچ کھلاڑی بشمول مک کلم ہیں، حالانکہ انھیں کل منعقدہ خطابی مقابلے میں آسٹریلیا کے مقابل سات وکٹ کی ناکامی ہوگئی۔ ہندوستان جو ڈیفنڈنگ چمپینس رہا، آسٹریلیا کے مقابل ہی سیمی فائنل ناکامی کے بعد خارج ہوگیا تھا۔ آئی سی سی نے ایک بیان میں کہا، ’’مک کلم کو کیپٹن کی حیثیت سے منتخب کیا گیا کہ انھوں نے 44 روزہ ٹورنمنٹ کے دوران جارحانہ، اختراعی اور حوصلہ بخش قیادت کی جو اُن کی ٹیم کی فائنل تک پیش رفت کی بنیاد رہی، جہاں اسے آسٹریلیا کے مقابل سات وکٹوں سے ناکامی ہوگئی‘‘۔ مک کلم نے 9 میچوں میں چار ہاف سنچریوں کے ساتھ 328 رنز بھی اسکور کئے جن کا اسٹرائک ریٹ 188.50 ہے۔ یہ ٹیم کا انتخاب ماہرین کے خاص گروپ نے کیا جنھیں اس ٹورنمنٹ میں مظاہروں کی اساس پر متوازن ٹیم منتخب کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔ اعداد و شمار ملحوظ رکھے گئے لیکن سلیکشن کیلئے واحد اساس نہ بنے۔ مک کلم کے علاوہ اس ٹیم میں نیوزی لینڈ کے چار کھلاڑی کوری اینڈرسن، ٹرینٹ بولٹ، مارٹن گپٹل ، ڈانیل ویٹوری، تین آسٹریلیائی گلن میکسویل، اسٹیون اسمتھ اور مچل اسٹارک، دو جنوبی افریقی (اے بی ڈی ولیرس اور مورنے مورکل) اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا بطور وکٹ کیپر۔ بیٹسمن شامل کئے گئے ہیں۔ زمبابوے کے برینڈن ٹیلر جنھوں نے چھ میچوں میں 433 رنز بنائے، انھیں 12 واں کھلاڑی نامزد کیا گیا ہے۔ آئی سی سی جنرل منیجر (کرکٹ) جیف الارڈیس جنھوں نے اس پیانل کی صدارت کی، انھوں نے کہا کہ ہندوستانی پیسرز اومیش یادو اور محمد سمیع کے ساتھ آف اسپنر آر اشوین دوڑ میں تھے۔ انھوں نے کہا کہ اس پیانل کو 12 رکنی اسکواڈ منتخب کرنے کا نہایت مشکل کام سونپا گیا جبکہ غیرمعمولی ٹورنمنٹ اختتام پذیر ہوا جس میں بعض دم بخود کردینے والے انفرادی مظاہرے بشمول دو ڈبل سنچریاں، 38 سنچریاں، دو ہیٹ ٹرک اور 28 چار وکٹ والی کارکردگی شامل ہیں۔ الارڈیس نے مزید کہا کہ متعدد دیگر کھلاڑی ممکنہ سلیکشن کیلئے غور کئے گئے۔ ان میں بیٹسمین محمود اللہ (بنگلہ دیش ) اور شائمن انور (یو اے ای)، فاسٹ بولرز اومیش یادو، محمد سمیع، وہاب ریاض (پاکستان) اور اسپنرز عمران طاہر (جنوبی افریقہ ) اور اشوین شامل ہیں۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2015ء کی ٹیم ( بہ اعتبار بیٹنگ آرڈر ): .1مارٹن گپٹل، .2برینڈن مک کلم (کیپٹن)، .3 کمار سنگاکارا (وکٹ کیپر)، .4 اسٹیون اسمتھ، .5 اے بی ڈی ولیرس، .6 گلن میکسویل، .7 کوری اینڈرسن، .8ڈانیل ویٹوری، .9 مچل اسٹارک، .10 ٹرینٹ بولٹ، .11 مورنے مورکل۔ برینڈن ٹیلر (12 واں کھلاڑی)۔