آئی سی سی ورلڈ کپ ٹرافی کی آج لارڈز گراونڈ آمد

دوبئی 17 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹ کی دنیا کے سب سے اہم انعام ‘ ورلڈ کپ ٹرافی کی کل لارڈز گراؤنڈ پر آمد ہوگی ۔ یہاں اس کا خیر مقدم انگلش ٹیم کے ونڈے نائب کپتان ایان مورگن ‘ انگلش اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ ‘ میری لی بون کرکٹ کلب اور آئی سی سی کے نمائندوں کے ساتھ خیر مقدم کرینگے ۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2015 کا 14 فبروری کو آغاز ہونے والا ہے اور اس کا افتتاحی مقابلہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین ملبورن کرکٹ گراونڈ پر ہونے والا ہے ۔ اب جبکہ ٹورنمنٹ کے آغاز کیلئے چھ ماہ کا وقت باقی ہے ایان مورگن نے کہا کہ اب ساری توجہ 50 اوورس کی کرکٹ پر مرکوز ہوجائیگی اور آ:ی سی سی ورلڈ کپ ساری توجہ کا مرکز رہیگا ۔ جیسے ہی ہندوستان کے خلاف ٹسٹ میچ مکمل ہوجائیگا ساری توجہ محدود اوورس کی کرکٹ پر آجائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ انگلش ٹیم میں مقام حاصل کرنے کیلئے بھی کھلاڑیوں کے مابین مسابقت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ آئی سی سی کا اہم ٹورنمنٹ ہوگا اور یہ ایسا موقع ہوگا جس میں ساری کرکٹ دنیا کی توجہ اسی ٹورنمنٹ پر ہوگی ۔ مورگن نے کہا کہ اب جبکہ ورلڈ کپ ٹرافی لارڈز پر پہونچنے والی ہے اور آئندہ چند ہفتوں تک یہ انگلینڈ اینڈ ویلس میں گھومتی رہیگی تو اس کے نتیجہ میں نہ صرف ٹورنمنٹ کی اہمیت بڑھے گی بلکہ کرکٹ کھیلنے والے ممالک میں عوام کا جوِش و خروش بھی بڑھ جائیگا ۔ انگلش ٹیم ماہ جنوری میں موجودہ چمپئن اور چار مرتبہ کی چمپئن آسٹریلیا کے خلاف سہ رخی سیریز میں حصہ لے گی ۔ مورگن کا کہنا ہے کہ انگلش ٹیم کیلئے اپنی تیاریوں کا جائزہ لینے کا یہ ایک بہترین موقع ہوگا ۔ انگلش ٹیم 1979 , 1987 اور 1992 میں ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرسکی تھی لیکن اسے ایک موقع پر بھی کامیابی نہیں مل سکی ہے ۔ مورگن نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم میں ہر کوئی پرجوش ہے اور تمام کھلاڑی چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم اس بار ٹورنمنٹ میں کامیابی حاصل کرے ۔