آئی سی سی نے ٹسٹ چمپین شپ کا منصوبہ ختم کردیا

دبئی ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) تازہ ترین صورتحال کے کے بموجب ٹسٹ کھیلنے والے تین بڑے ممالک کی اجارہ داری قائم ہوگی اور بظاہر ایسا دکھائی دیتا ہے کہ ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ مرحلہ وار کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیں گے، جس پر آئی سی سی کی علامتی ربر اسٹمپ ثبت ہوچکی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کہا ہے کہ بگ تھری کے معاملے پر فیصلہ آئندہ ماہ ہونے کا امکان ہے۔ دبئی میں ہونے والے اجلاس میں گرما گرمی کے بعد حالات کچھ لو کچھ دو کی بنیاد پر حل کر لئے گئے۔ عملی طور پر آئی سی سی کے دیگر سات ملکوں نے تمام معاملات میں بگ تھری کی حمایت کردی ہے

اور تینوں ملک آئندہ ان ملکوں کے رحم و کرم پر ہوں گے۔ آئی سی سی کے مالی اور انتظامی معاملات عملاً ہندوستان،آسٹریلیا اور انگلینڈ کے پاس ہوں گے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی لیڈر شپ کو مضبوط بنانے کے لئے مرکزی قیادت ہندوستان کو سونپ دی گئی ہے۔ ٹسٹ کھیلنے والے ملکوں میں آمدنی کی تقسیم کارکردگی کی بنیاد پر ہوگی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے بورڈ نے دبئی میں ایک اہم اجلاس میں ایک پانچ رکنی اعلی اختیاراتی ایگزیکیٹو کمیٹی بنانے پر اتفاق رائے حاصل کر لیا ہے جس میںہندوستان،آسٹریلیا اور انگلینڈ کو مستقل رکنیت حاصل ہو گی۔ بی سی سی آئی کے نمائندے آئی سی سی بورڈ کے سربراہ ہوں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا کو ایگزیکٹیو کمیٹی کی صدارت مل گئی ہے۔ انگلش بورڈ کا نمائندہ فینانس اور کرکٹ افیئرز کا سربراہ ہوگا۔ آئی سی سی کے اس اجلاس میں 2017 میں انگلینڈ میں ورلڈ ٹسٹ چمپین شپ کرانے کے فیصلے کو یکسر منسوخ کر دیا ہے۔

16 رکن ملکوں پر مشتمل آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں آئی سی سی میں مجوزہ تبدیلیوں کے مسودے پر غور کیا گیا جس کی کئی رکن ملکوں کی طرف سے زبردست مخالفت کی جارہی تھی۔ ان تبدیلیوں میں بگ تھری کو وسیع انتظامی اور مالی اختیارات دینے کی تجاویز بھی شامل تھیں۔ آئی سی سی نے کہا ہے کہ مالی معاملات کی تقسیم میں ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ تمام ملکوں سے الگ ہوں گے۔ ٹسٹ کرکٹ کے فنڈس ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے علاوہ تمام ملکوں میں سالانہ بنیادوں پر تقسیم ہوں گے۔ آئی سی سی ٹسٹ چیمپین شپ کا منصوبہ ختم کردیا گیا ہے اور اس کی جگہ آئی سی سی چیمپنس ٹرافی دوبارہ شروع کی جارہی ہے۔ یہ ٹورنمنٹ گذشتہ سال کے بعد ختم کیا جارہا تھا۔