لاہور ، 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے ’ایشین براڈمین‘ کے لقب سے مشہور سابق ٹسٹ کرکٹر ظہیر عباس کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے صدر کے عہدے کیلئے نامزد کر دیا ہے۔ پاکستان نے اس سے قبل معروف صحافی اور پی سی بی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کو اس عہدے کیلئے نامزد کیا تھا لیکن نجم سیٹھی نے گزشتہ روز اس منصب سے دستبرداری کا اعلان کردیا تھا۔ انھوں نے دستبرداری کے اعلان کے ساتھ ساتھ بورڈ سے درخواست کی کہ وہ کسی سابق پاکستان کرکٹر کو اس عہدے کیلئے نامزد کر دے۔ اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج نئی نامزدگی کا اعلان کردیا۔ ’ایشین بریڈ مین‘ ظہیر عباس نے 78 ٹسٹ اور 62 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ترتیب وار 5,062 اور رنز اسکور کئے۔ آئی سی سی نے بورڈ میٹنگ میں فیصلہ کیا تھا کہ 2016 ء سے آئی سی سی کی صدارت کا منصب کسی سابق ٹسٹ کرکٹر کو دیا جائے گا۔ اس کے باوجود پاکستان کی جانب سے سیٹھی کو پیش کر دیا گیا تھا لیکن ان کی دستبرداری کے بعد ظہیر عباس کو اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ آئی سی سی کے نئے صدر رواں سال یکم جولائی سے یہ منصب سنبھالیں گے۔