آئی اے ایس آفیسر شاہ فیصل کی ایمانداری پر سوال اٹھانا نہایت افسوس ناک:سابق وزیر اعلی کشمیر عمر عبد اللہ

سری نگر : نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اورسابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے کہا کہ آئی اے ایس آفیسر شاہ فیصل کی ایمانداری او ردیانتداری پر سوال اٹھانا سب سے بڑی نا انصافی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فیصل کی ایمانداری پر آج تک کسی بھی فرد نے انگلی نہیں اٹھائی ہے ۔ عمر عبداللہ نے ان باتوں کااظہار یہاس اپنی دادی بیگم اکبر جہاں کی ۱۸ ؍برسی کے موقع پر ایک تقریب میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا ۔

واضح رہے کہ جموں و کشمیر حکومت نے ۲۰۱۰ ء میں آئی اے ایس ٹاپر شاہ فیصل کے خلاف محکمانہ تحقیقات شروع کردی ہے ۔شاہ فیصل اس وقت امریکہ میں ہیں ۔ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں ہندوستان کے لئے ریپستان کا لفظ استعمال کیا ہے ۔تحقیقات میں کہا گیا ہے کہ شاہ فیصل اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران مطلق ایماندار اوردیانتداری کونبھانے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔عمر عبد اللہ نے کہا کہ شاہ فیصل نے ریپ کے خلاف آواز بلند کی ہے ۔اس کے خلاف نہ صرف تحقیقات کی جارہی ہیں بلکہ ان کی ایمانداری اور دیانتداری پر سوال کھڑا کیا ہے ۔

آج تک کسی نے ان کی ایمانداری پر انگلی نہیں اٹھائی ۔حکم نامہ میں ان کی خدمت کو نظر انداز کردیا ہے ۔عمر عبداللہ نے کہا کہ ان کے خلاف کارروائی کرنا غلط ہے ۔اگر ٹوئیٹ پر اعتراض ہے تواپنا اعتراض جتائیں ۔