آئی ایس ایل ‘ پونے ایف سی کو چ کی خدمات سے محروم

پونے 2 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین سوپر لیگ مہاراشٹرا ڈربی میں پونے ایف سی کو ممبئی سٹی ایف سی کے خلاف اپنے مقابلہ میں اپنے کوچ انٹونیو ہباس کی خدمات سے محروم ہونا پڑیگا ۔ میچ ریفری نے گذشتہ سیزن میں ہباس کو چینیان ایف سی کے خلاف میچ کے دوران باہر کردیا تھا ۔ انہیں بعد میں آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کی تادیبی کارروائی کمیٹی کی جانب سے چار میچس کے امتناع کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ یہ سزا انہیں جارحانہ تیور کی بنیاد پر دی گئی ہے ۔ چونکہ اس وقت سال کا سیزن ختم ہوگیا تھا ایسے میں ہباس کی تادیبی کمیٹی کی سزا جاریہ سیزن میں پوری کی جا رہی ہے ۔ جاریہ سیزن میں ٹیم کے چار میچس میں ایف سی پونے سٹی کی ٹیم پہلی مرتبہ میدان کل میدان پر اتریگی اور اس موقع پر اسے اپنے کوچ کی خدمات حاصل نہیں رہیں گی ۔ اسپین سے تعلق رکھنے والے کوچ کی عدم موجودگی سے ایف سی پونے کو ابتداء میں زیادہ مسائل ہونے کی امید نہیں ہے کیونکہ اس کے اسسٹنٹ کوچ مکیل نے چارچ سنبھال لیا ہے اور ٹیم میں کھلاڑی بھی تجربہ کار ہیں۔ اس کے علاوہ پونے کی ٹیم کو بارسیلونا اور چیلسی ایف سی کے سابق مڈ فیلڈر ایڈور گڈجانشن کی خدمات بھی حاصل نہیں رہیں گی جو زخمی ہوگئے ہیں اور انہیں جاریہ لیگ کیلئے خارج از امکان قرار دیا گیا ہے ۔ ابھی یہ نہیں کہا جاسکتا کہ آیا ان کی جگہ لیور پول اور جووینٹس کے سابق مڈ فیلڈر محمد سسوکو کو موقع دیا جائیگا یا نہیں۔