نئی دہلی 5 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی ایس ایس ایف رائفل / پستول ورلڈ کپ کا چنگوان کوریا میں چہارشنبہ کو آغاز ہونے والا ہے ۔ اس میں ہندوستان کی نمائندگی جیتو رائے ‘ ابھینو بندرا اور گگن نارنگ بھی حصہ لینے والے ہیں جو ریو میں ہونے والے اولمپکس کیلئے مقام حاصل کرنے کی کوشش کرینگے ۔ جاریہ سال یہ اولمپک کوٹہ کیلئے اولین مقابلے ہونگے جبکہ گذشتہ سال اس طرح کے مقابلے گرینیڈا اسپین میں ہوئے تھے ۔ ان مقابلوں کے ذریعہ اولمپکس میں مرد و خواتین کے زمرہ کے جملہ 24 حصہ داریوں کو قطعیت دی جاسکتی ہے جن میں 14 مرد اور 10 خواتین شامل ہیں۔ جیتو رائے کو پہلے ہی اولمپکس میں جگہ مل گئی ہے ۔ گذشتہ سال انہوں نے سات میڈلس جیتے تھے جن میں ایشین گیمس اور دولت مشترکہ کھیلوں میں گولڈ میڈلس اور ورلڈ مقابلوں میں سلور میڈل بھی شامل ہے ۔ ابھینو بندرا ایشیا ڈ کے بعد پہلی مرتبہ کسی بڑے مقابلہ میں حصہ لے رہے ہیں۔ بیجنگ اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے بندرا کو 10 میٹر ائر رائفل زمرہ میں مقابلہ درپیش ہے ۔ جیتو رائے کو گرینیڈا میں 50 میٹر کے مقابلہ میں سلور میڈل حاصل ہوا تھا ۔