آئی ایس آئی ایس کے خلاف امریکہ زیر قیادت فوج میں

نئی دہلی 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )سی پی آئی ایم نے آج حکومت سے خواہش کی کہ وہ امریکی دباؤ کے آگے گھٹنے نہ ٹیکے اور دولت اسلامیہ برائے عراق و شام کے امریکہ زیر قیادت اتحاد کی جنگ میں ہندوستانی فوج شامل نہ کرے ۔ پارٹی کے پولیٹ بیور و نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کسی بھی حالت میں حکومت ہند کو اس نظام کا حصہ نہیں بنناچاہئے ۔ اسے امریکہ کے من مانے اقدامات میں شامل نہیں ہونا چاہئے ۔ چاہے ایسے اقدام کو انسانیت کا بربریت کی طاقت کے خلاف تحفظ قرار دے کر اسے شہر ت ہی کیوں نہ دی جائے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اوباما انتظامیہ حالیہ عرصہ میں ہندوستان پر بہت زیادہ زور دے رہا ہے کہ دولت اسلامیہ کے خلاف جنگ میں اپنی فوج بھی شامل کریں۔ ممکن ہے کہ نیو یارک میں مودی کی موجودگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے امریکہ ہندوستان کو اپنے منصوبوں کی تائید کیلئے راضی کرلے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ایس آئی ایس کے کسی بھی بین الاقوامی جواب کو اقوام متحدہ کی منظوری حاصل ہونی چاہئے اس کے بغیر اس کا کوئی جواز نہیں ہوگا ۔ سی پی آئی ایم نے حکومت کو انتباہ دیا کہ اسے اس بنیادی موقف سے انحراف نہیں کرنا چاہئے ۔ جسے ہندوستان نے ہمیشہ سرفراز رکھا ہے اور جو ملک کے عوام کی متفقہ رائے ہے۔