نئی دہلی۔10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ساتویں سیزن میں داخلہ ہونے جا رہی پرو کبڈی لیگ کو ٹکر دینے اب ایک نئی لیگ انڈو انٹرنیشنل پریمیئرکبڈی لیگ (آئی آئی پی کے ایل) میدان میں آ گئی ہے اور اس کی شروعات13 مئی کو پونے میں ہو گی۔ پرو کبڈی لیگ کے ساتویں سیزن کے لئے کھلاڑیوں کی دو دن کی نیلامی منگل کو ممبئی میں ختم ہوئی تھی اور اس کے اگلے دن بدھ کو دہلی میں منعقد پریس کانفرنس میں آئی آئی پی کے ایل کے پہلے ایڈیشن کا اعلان کر دیا گیا جو13 مئی سے چار جون تک چلے گا ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پروکبڈی لیگ کا ساتواں سیزن19 جولائی سے9 اکتوبر تک چلے گا۔ اس سے پہلے آئی آئی پی کے ایل کے پہلے سیزن کا انعقاد13 مئی سے چار جون تک پونے ، میسور اور بنگلور میں ہوگا جس میں کل آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی اور کل44 میچ کھیلے جائیں گے ۔ نئی لیگ ایشیائی کھیلوں کے فارمیٹ میںکھیلی جائے گی۔ نئی لیگ کے آنے کا اثر یقینی طور پر پروکبڈی کی مقبولیت پر پڑے گا۔آئی آئی پی کے ایل کی نشریات کھیلوں کے چینل ڈی اسپورٹ پر کی جائیں گی جبکہ پرو کبڈی ا سٹارا سپورٹس پر نشرکیا جاتا ہے ۔ یعنی نشریات کی صورت میں بھی نئی کبڈی لیگ پروکبڈی کو ٹکر دینے کی پوری تیاری میں ہے ۔ پروکبڈی میں جہاں کھلاڑیوں کی نیلامی کی گئی، وہیں نئی لیگ میں کھلاڑیوں کو میچ فیس دینے کے ساتھ ساتھ آمدنی کا20 فیصد حصہ بھی دیا جائے گا جوکرکٹ کو چھوڑ کر دیگر کسی کھیل لیگ میں نہیں ہوتا ہے ۔علاوہ ازیں اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے ہندوستانی سابق اوپنر سہواگ نے کہا کہ نئی لیگ سے موجودہ لیگ کے کھلاڑیوں پر پابندی عاید نہیں ہونی چا ہیے۔