وشاکھاپٹنم 19 جنوری ( پی ٹی آئی) وشاکھاپٹنم میں کرلم پوڈی لے آوٹ کے قریب ایک اپارٹمنٹ کی تیسری منزل سے چھلانگ لگاتے ہوئے منیجمنٹ کورس کی ایک 19 سالہ طالبہ نے خودکشی کرلی۔ بیان کیا جاتا ہے کہ آئی آئی ٹی انٹرنس ٹسٹ میں ناکامی پر وہ دلبرداشتہ ہوگئی تھی۔ پولیس نے کہا کہ بیچلر آف بزنس منیجمنٹ ( بی بی ایم ) سال اول کی طالبہ کے سویتا آئی آئی ٹی میں داخلہ لینا چاہتی تھی لیکن انٹرنس ٹسٹ میں دو مرتبہ ناکام رہی۔ وہ وشاکھاپٹنم کے گائتری ودیا پریشد کی طالبہ تھی جس کے والد کے ایس چلم محکمہ کمرشیل ٹیکس میں اسسٹنٹ کمشنر ہیں۔
پولیس نے کہا کہ ’’سویتا اس اپارٹمنٹ میں تیسری منزل پر واقع اپنے فلیٹ کی بالکونی سے چھلانگ لگادی جب اس کے ماں باپ محوخواب تھے۔ سر پر گہرے زخموں کے سبب وہ برسر موقع فوت ہوگئی‘‘۔ پولیس سب انسپکٹر اے ہری بابو نے کہا کہ سویتا کا نفسیاتی و دماغی علاج جاری تھا پولیس کو ایک خودکشی نوٹ بھی دستیاب ہوا ہے جو باور کیا جاتا ہے کہ سویتا نے لکھا تھا جس میں اس نے اپنے ماں باپ سے معذرت خواہی کی ہے اور انٹرنس ٹسٹ میں کامیابی کی دو کوششوں کے باوجود ناکامی کو انتہائی قدم اٹھانے کی وجہ بتائی ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرلیا اور سویتا کی نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم ایک سرکاری ہاسپٹل کو منتقل کردیا گیا۔