آئندہ ہفتے ایران ‘ روس اور ترکی کی شام چوٹی کانفرنس

انقرہ 27 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران ‘ روس اور ترکی کے صدور کی آئندہ ہفتے ملاقات ہوگی جس میں شامی خانہ جنگی کو ختم کرنے کے امکانات پر غور کیا جائیگا ۔ ترکی کے سرکاری ٹی وی نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ صدر رجب طیب اردگان آئندہ ہفتے ایران کا دورہ کرینگے تاکہ وہاں وہ روسی اور ایرانی صدور ولادیمیر پوٹین اور حسن روحانی سے 7 ستمبر کو ملاقات کرسکیں۔ سرکاری ٹی وی نے یہ بات بتائی ۔ صوبائی ٹی وی این ٹی وی نے کہا کہ اس سہ فریقی چوٹی کانفرنس کا انعقاد ایرانی شہر تبریز میں عمل میں آئیگا ۔ ایک ترک صدارتی عہدیدار نے رابطہ کرنے پر ان اطلاعات کی توثیق نہیں کی ہے ۔ تاہم ترک صدارت کی جانب سے ملک کیصحافیوںکو 7 ستمبر کو صدر اردگان کے دورہ ایران کی رپورٹنگ کیلئے مدعو کیا گیا ہے ۔ پوٹین کے ترجمان ڈمٹتری پیسکوف نے کہا کہ سہ فریقی چوٹی کانفرنس کی تیاریاں چل رہی ہیں تاہم انہوں نے بتایا کہ ابھی اس کانفرنس کے مقام اور تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ چوٹی کانفرنس ایران میں منعقد ہوسکتی ہے ۔ اس امکان کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ ہم جیسے ہی تیاریاں مکمل ہوجائیں گی اس سلسلہ میں مناسب اعلان کردیں گے ۔ اس سلسلہ میں سفارتی کوششیں شروع ہوچکی ہیں۔ اردگان نے سابق میں اشارہ دیا تھا کہ وہ شام کے مسئلہ پر 7 ستمبر کو استنبول میں ایک چوٹی کانفرنس منعقد کرنا چاہتے ہیں جس میں وہ پوٹین کے علاوہ فرانس کے صدر ایمانیول میکران کو اور جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکیل کو مدعو کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم رپورٹس میںکہا گیا ہے کہ اب صرف سہ فریقی چوٹی کانفرنس کا فیصلہ کیا گیا ہے اور فرانس اور جرمنی کے قائدین کی اس میں شرکت کے امکانات بہت موہوم ہیں۔ ایران ‘ روس اور ترکی کے قائدین کا پہلے ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں اجلاس ہوچکا ہے ۔