آئندہ ماہ ٹسٹ سیریز کیلئے نیوزی لینڈ ٹیم کا اعلان

آکلینڈ ۔ 27 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے آئندہ ماہ ہندوستان کے خلاف کھیلے جانے والے دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کیلئے اپنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ نیوزی لینڈ نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوئی ٹسٹ سیریز میں جس ٹیم کو میدان میں اتارا تھا، اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ کیوی ٹیم نے ویسٹ انڈیز ٹیم کو ٹسٹ سیریز میں 2-0 سے شکست دیدی تھی ۔ اس ٹیم میں جو سب سے چونکانے والی بات یہ تھی کہ تیسرے مقابلہ میں اپنے ونڈے کیریئر کا پانچویں سنچری بنانے والے بیٹسمین مارٹن گپتل کا نام شامل نہیں کیا گیا، وہیں جیسی رائیڈر کو ٹیم کے ساتھ دورہ پر سفر کرنے کیلئے کہا گیا ہے کیونکہ راس ٹیلر جلد ہی کسی بھی وقت دوسری مرتبہ باپ بن سکتے ہیں جس کیلئے انہیں گھر روانہ ہونا پڑسکتا ہے۔

ایسے میں رائیڈر ان کی جگہ لینے کیلئے تیار رہیں گے۔ ٹیم میں 21 سالہ ہندوستانی نژاد کھلاڑی ایس سوڑھی کو بھی جگہ دی گئی ہے۔ 5 ٹسٹ میچ کھیلنے والے لیگ اسپنر سوڑھی، ٹیم سے باہر رہنے والے اسپنر ڈینیل ویٹوری کی کمی پوری کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس کے علاوہ ٹسٹ سیریز سے پہلے 2 تا 3 فروری کو ہندوستان کے خلاف ہونے والے پریکٹس میچ کیلئے بھی نیوزی لینڈ الیون ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے، اس میں فلٹن اور رادر فورڈ کی شکل میں دو اہم ٹسٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی موجود رہیں گے۔ واضح رہے کہ ٹسٹ سیریز کا آغاز 6 فروری سے پہلے ٹسٹ میچ سے ہوگا جو کہ آکلینڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور آخری ٹسٹ میچ 14 فروری سے ویلنکنٹن میں کھیلا جائے گا۔ ٹیم اس طرح ہیں : بریڈن میک مکلم (کپتان) ، کوری اینڈرسن، ٹرینٹ بولٹ، ڈگ بریسویل، پیٹر فلٹن، ہمیش ردر فورڈ، ایس سوڑھی، ٹم ساوتھی، راس ٹیلر، نیل ویاگنر، بی جے واگلنگ اور کیم ولیمسن وغیرہ شامل ہیں۔