آئندہ سال کے ء ورلڈ ٹوئنٹی 20 کی اچھی منصوبہ بندی ہوگی ، بی سی سی آئی کا بیان

نئی دہلی ، 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آج کہا کہ وہ آئندہ سال کے ورلڈ ٹوئنٹی 20 کو زبردست کامیاب بنانے کیلئے اپنی کوشش میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ بی سی سی آئی سکریٹری انوراگ ٹھاکر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام شعبوں پر توجہ مرکوز کررہے ہیں، جن میں شائقین کی دلچسپی کا عنصر شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ آٹھ مقامات پر 2016ء کے ورلڈ T20 کیلئے گفت و شنید جاری ہے۔ پہلی آرگنائزنگ کمیٹی میٹنگ 7 اگسٹ سے قبل منعقد کی جائے گی جہاں یہ غوروخوض ہوگا کہ کیا نئی تبدیلیاں لائی جائیں جیسے کس طرح اور کہاں سے معذور پرستار اسٹیڈیمس میں داخل ہوں گے، ٹائلٹوں کو کس طرح کشادہ اور صاف ستھرے بنایا جائے، آتش فرو سعی کیلئے اقدامات اور ناظرین کا نقطہ نظر۔ ہم بہت کچھ کریں گے۔ کولکاتا، بنگلور، چینائی، دھرم شالا، موہالی، ممبئی، ناگپور اور حیدرآباد اس باوقار ایونٹ کیلئے مقامات نامزد کئے گئے ہیں، جو آئندہ سال 11 مارچ کو شروع ہوگا۔ 3 اپریل کو فائنل کھیلا جائے گا۔