آئندہ تعلیمی سال سے کالجس میں بائیو میٹرک طریقہ کار

کمس ڈگری کالج میں منعقدہ پروگرام سے پی ریڈی کا خطاب
کریم نگر /29 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آئندہ تعلیمی سال سے کالجس میں بائیو میٹرک طریقہ کار کی شروعات ہوگی۔ اعلی تعلیم منڈل چیرمین پروفیسر پی ریڈی نے یہ بات بتائی۔ کریم نگر کمس ڈگری کالج میں یوا ترنگ 2015ء کے نام سے منعقدہ پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ریاست میں بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم کی فراہمی کے لئے حکومت کوشش کر رہی ہے اور اس سلسلے میں نئے تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ معیاری تعلیم کے سبب ملازمتوں کے حصول میں آسانی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ نچلی سطح سے سخت محنت کے ذریعہ اعلی معیاری تعلیم کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ شاتا وہانا رجسٹرار کومل ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی نظام میں تبدیلی صرف امتحانی سوال و جواب تک محدود نہ ہو، بلکہ شخصی طورپر طالب علم کی ذہنی قابلیت میں اضافہ کا سبب بنے۔ انھوں نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ اور ڈگری اہم ہیں، طلبہ کو سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ اس پروگرام میں کمس تعلیمی ادارہ چیرمین رویندر راؤ، کرسپانڈنٹ پی دیویندر راؤ، پرنسپال ارجن راؤ، اے او لنگا ریڈی، ٹیچرس اور طلبہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر کلچرل پروگرام بھی پیش کیا گیا۔