کانگریس کی یوم تاسیس تقریب سے رکن اسمبلی ڈاکٹر جی چنا ریڈی کا خطاب
ونپرتی۔/28ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)2019 میں ہونے والے عام انتخابات میں کانگریس پارٹی اقتدار پر آنا یقینی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایم ایل اے ونپرتی ڈاکٹر جی چناریڈی نے کیا۔ مستقر ونپرتی کے پارٹی آفس میں کانگریس پارٹی کی 133ویں یوم تاسیس تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا قیام 1884 میں ہوا اور کانگریس پارٹی نے شروع سے ہی ہندوستان کی ترقی کیلئے کام کیا ہے۔ کانگریس پارٹی کے قائدین نے انگریزوں سے ہندوستان کو آزاد کرانے کیلئے جدوجہد کی۔ مہاتما گاندھی اور ان کے رفقاء نے اس تحریک میں شامل ہوکر ہندوستان کو آزاد کرایا۔ آج ہندوستان پوری دنیا میں پہلے دس نمبرات میں چھٹے مقام پر آنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کانگریس پارٹی کے قائدین کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بی جے پی قائدین اور نریندر مودی پوچھ رہے ہیں کہ70 سال سے کانگریس پارٹی ہندوستان میں برسر اقتدار ہے لیکن وہ ہندوستان کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے بی جے پی پارٹی قائدین سے سوال کیا کہ آیا ہندوستان کی آزادی میں ایک بھی بی جے پی قائد شریک تھے؟ مرکزی حکومت کی پالیسیوں سے عوام بیزار ہیں اور 2019 میں کانگریس پارٹی کو برسر اقتدار لانے کیلئے عوام منتظر ہیں۔ انہوں نے پارٹی کے نقصان کی پرواہ کئے بغیر تلنگانہ کی تشکیل کرتے ہوئے اپنے کئے ہوئے وعدہ کو پورا کیا۔ٹی آر ایس حکومت مخالف عوام پالیسی اختیار کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہی ہے اور عوام ٹی آر ایس پارٹی سے بیزار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے پارٹی قائدین و کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس پارٹی کی کامیابی کیلئے ابھی سے کمربستہ ہوجائیں۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی قائدین شنکر پرساد، سرینواس گوڑ، قمر میاں، سید اختر، محمد انیس، محمد بابا، شام کمار کے علاوہ دیگر موجود تھے۔