آپ کہیں گی کہ آئس کریم تو چیز ہی ایسی ہے کہ اکثر و بیشتر اسے کھانے کی جو للچاتا ہے ۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہمارا دل آئس کریم کھانے کو نہیں بلکہ اکثر و بیشتر کوئی ٹھنڈی میٹھی اور کریمی سی چیز کھانے کو چاہتا ہے ۔ لہذا ضروری نہیں کہ یہ ٹھنڈی اور کریمی سی چیز آئیس کریم ہی ہو ۔ اس کے بجائے آپ یہ ترکیب نوٹ کرلیں اور پھر آئس کریم کھانے کی بجائے اسے ہی آزمائیں ۔ کچھ کیلے لے کر انہیں فریز کرلیں ۔ پھر جب آئس کریم کھانے کو جی چاہے تو ضرورت کے مطابق کیلے فریزر سے نکالیں اور انہیں ذرا نرم کرلیں ۔ پھر کیلوں کو اتنا بلینڈ کریں کہ یہ بالکل کریم کی شکل اختیار کرلیں ۔ لیجئے آپ کی آئسکریم تیار ہے ۔ آئس کریم کپ میں نکالیں اور نوش کریں ۔ اگر اپنی آئس کریم کو چاکلیٹی فلیور دینا چاہیں تو اوپر سے ذرا سا کوکو پاؤڈر چھڑک لیں ۔ آپ کو یہ جان کر خوشی ہوگی کہ اس ترکیب کی بدولت آپ نے بہت سی کیلوریز گھٹائی ہیں ۔ ایک کیلے میں تقریباً 90 کیلوریز ہوتی ہیں جبکہ آدھا کپ آئس کریم 200 کیلوریز پر مشتمل ہوتی ہے ۔ اسی طرح اگر فروٹ جوس پینے کو جی چاہے تو جوس پینے کی بجائے پھل کھانے کو ترجیح دیں ۔ پھلوں میں چند ہی کیلوریز ہوتی ہیں اور جوس کے مقابلے میں یہ آپ کی زیادہ جسمانی ضروریات کوپورا کرتے ہیں ۔ خاص طور سے بازار میں ملنے والے مصنوعی فلیورز پر مشتمل مشروبات صحت کیلئے زیادہ نقصان دہ ہوتے ہیں ۔