ڈبلن۔28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے خلاف تاریخ کے پہلے ٹسٹ میچ نے آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں میں ایک نیا جوش و جذبہ پیدا کردیا ہے ۔ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں آئرلینڈ کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے کھلاڑی بے چینی سے 11 مئی کے منتظر ہیں۔ بوائڈ رینکن، ٹم مرٹاغ، اوبرائن برادرز، ولیم پورٹر فیلڈ جیسے کھلاڑیوں نے تاریخی میچ کیلیے تیاری شروع کردی ہے۔ آئرش کرکٹرز کیلئے ٹسٹ میچ کی بہترین پریکٹس کیلئے یکم مئی سے بین الصوبائی سیریز کا میچ کھیلنے کا موقع ملے گا۔ نارتھ ویسٹ واریئرز اور دفاعی چیمپئن لینسٹر لائٹننگ کے درمیان تین روزہ میچ کیلئے تقریباً تمام ان آئرش کرکٹرز نے دستیابی ظاہر کردی ہے جنہیں ٹسٹ اسکواڈ میں منتخب ہونے کی توقع ہے۔ فاسٹ بولر بوائڈ رینکن ، ممکنہ آئرش کپتان ولیم پورٹر فیلڈ، نیل اوبرائن، اینڈی میک برائن، کریگ ینگ نارتھ ویسٹ واریئرز کی نمائندگی کرینگے۔ خیال رہے کہ طویل قامت بولر رینکن انگلینڈ کی جانب ایک ٹسٹ بھی کھیل چکے ہیں۔ دوسری جانب لینسٹر کی ٹیم بھی مضبوط ہوگی اسے 10بین الاقوامی کرکٹر کی خدمات حاصل ہونگی جن میں اینڈریو بالبرنی، ایڈ جوائس، کیون اوبرائن،جورج ڈوکریل جیسے کھلاڑی شامل ہیں۔ اس میچ کے بعد ٹسٹ ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔ آئرش کرکٹرز کیلیے پاکستان کے خلاف اولین ٹسٹ سے قبل یہ آخری سرخ گیند کا میچ ہوگا۔یادرہے کہ 11 تا 15 مئی کھیلے جانے آئرلینڈ اور پاکستان ٹسٹ کی ٹکٹیں فروخت ہونا شروع ہوچکی ہے اور آئرش شائقین نے اپنے ملک کے اولین ٹسٹ میں دلچسپی دکھانی بھی شروع کردی ہے۔