لاہور۔17فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آئرش کرکٹ ٹیم ورلڈکپ میں اپ سیٹ کنگ ثابت ہوئی ہے، لیکن مسلسل عمدہ کارکردگی کے باوجود تاحال ٹسٹ موقف کی منتظر ہے۔ 2007 میں پاکستان اور 2011 میں انگلینڈ آئرش ٹیم شکاربنا اور آئر لینڈ نے2015 میں ویسٹ انڈیز کوشکست دیکر اپ سیٹ کی روایت برقرار رکھا۔1999 ورلڈکپ میں پاکستان کیخلاف حیران کامیابی بنگلہ دیش کی ٹیم کیلئے ٹسٹ موقف حاصل کرنے کا پروانہ بن گیا لیکن آئرلینڈ کی ٹیم ٹسٹ مقام حاصل نہیں کرسکی۔2007 ورلڈکپ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو تین وکٹوں سے حیران کن شکست دیکر ٹورنمنٹ سے باہرکر دیا تھا۔ آئرش ٹیم نے پاکستان کی مضبوط ٹیم کو132رنز تک محدود رکھا تھا۔ بولنگ کیلئے سازگار وکٹ پرآئرلینڈ کی بھی سات وکٹیں گرگئیں۔ لیکن تنہا نیل اوبرائن نے 72 رنز بناکراپنی ٹیم کو حیران کن فتح دلادی۔2011 ورلڈکپ میں آئرلینڈ نے انگلینڈ کے خلاف شاندارفتح حاصل کی۔ انگلش ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز کا ہمالیائی اسکوربنایا تھا لیکن کیون اوبرائن کی فتح گر اننگز کی بدولت آئرلینڈ نے 328 رنز کا نشانہ سات وکٹیں کھوکرعبورکرلیا۔ کیون نے 113رنز بنائے تھے۔ 2015 ورلڈکپ میں آئرلینڈ نے پہلے ہی میچ میں ویسٹ انڈیز کوٹھکانے لگادیا۔ پال اسٹرلنگ اورایڈ جوائس کے ساتھ نیل اوبرائن فتح کے معمار رہے۔ اس طرح آئرلینڈ کی تینوں ورلڈ کپ فتوحات میں اوبرائن برادرز نیل اورکیون کا نمایاں حصہ ہے۔