آئرلینڈ دوسرے ونڈے میں افغانستان کے خلاف کامیاب

بلفاسٹ۔30 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )آئرلینڈ نے افغانستان کو ونڈے سیریز کے دوسرے میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کرلی ہے۔بلفاسٹ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کے کپتان اصغر افغان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔افغانستان کے تجربہ کار اوپنر محمد شہزاد سمیت ابتدائی 4 بیٹسمینس صرف 16 رنز پر آوٹ ہوئے تاہم رحمت شاہ اورکپتان اصغر نے اسکورکو 72 تک پہنچایا لیکن رحمت 32 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔اصغر نے تجربہ کار کھلاڑی محمد نبی کے ساتھ اسکور کو مزید آگے بڑھایا لیکن محمد نبی بھی صرف 13 رنز بنا سکے اور 89 کے مجموعے پر پویلین لوٹے۔نجیب اللہ زدران نمایاں رہے جنھوں نے سب سے زیادہ 42 رنز بنائے جبکہ کپتان اصغر 39 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر182 رنز بنا کر میزبان ٹیم کو ایک آسان ہدف دے دیا۔آئرلینڈ کی جانب سے ٹم مورٹاگ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ایک آسان ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کا آغاز بھی اتنا اچھا نہیں تھا جب کپتان پورٹرفیلڈ صفر پر مجیب الرحمٰن کا نشانہ بنے۔دوسری وکٹ کی شراکت میں پال اسٹرلنگ اور اینڈی بالبیرینی نے اسکور کو آگے بڑھایا تاہم 69 رنز پر اسٹرلنگ 39 رنز بنا کر محمد نبی کو وکٹ دے بیٹھے۔بالبیرینی نے سب سے زیادہ 60 رنز بنائے اور انھیں راشد خان نے آؤٹ کیا، آئرلینڈ کی 4 وکٹیں 97 رنز پر گر چکی تھیں تاہم کیون اوبرائن، نیل اوبرائن اور سمی سنگھ نے ٹیم کو جیت کے قریب لاکھڑا کیا۔سمی سنگھ نے 36 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کو 44 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 3 وکٹوں سے کامیابی دلا دی۔افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 3 اور محمد نبی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔یاد رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان نے آئرلینڈ کو شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کی تھی۔آل رائونڈر محمد نبی افغانستان کی جانب سے 100ونڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ دوسرے ونڈے میں شرکت کرکے محمد نبی نے یہ اعزاز حاصل کیا۔اصغر افغان 88 اور سمیع اللہ شنواری77 میچز کھیل کر دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔