آئرلینڈ اور زمبابوے میں آج اہم مقابلہ

ہوبارٹ ۔ 6 مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام) کوارٹر فائنل میں رسائی پر توجہ مرکوز کرچکی آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیم کل اپنے گروپ میں نسبتاً کمزور ٹیم زمبابوے کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کے امکانات کو مستحکم کرنے کی خواہاں ہے۔ آئرلینڈ کی ٹیم گروپ میں زمبابوے سے آگے ہے ، جیسا کہ اس نے تین مقابلوں میں 4 نشانات حاصل کئے ہیں اور یہ نشانات اس نے ویسٹ انڈیز اور متحدہ عرب امارات کو شکست دیکر حاصل کئے ہیں جبکہ گزشتہ مقابلے میں اسے جنوبی افریقہ کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی ہے ۔ دوسری جانب زمبابوے نے 4 مقابلوں میں صرف دو نشانات حاصل کئے ہیں ۔ ورلڈ کپ میں شرکت کررہی اسوسی ایٹ ٹیموں میں آئرلینڈ کے مظاہرے سب سے شاندار ہے ۔ سوائے اس کے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف اسے 201 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی ہے ۔ زمبابوے کے خلاف کامیابی آئرلینڈ کی کوارٹر فائنل میں رسائی کی اُمیدوں کو مستحکم کردے گی ۔ تاہم اسے ہندوستان اور پھر گروپ مرحلے کے آخری مقابلے میں پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے کے نتیجے کا انتظار کرنا پڑسکتا ہے ۔ دوسری جانب زمبابوے کیلئے کل کا مقابلہ کامیابی حاصل کرنے کیلئے ایک موقع ہوگا کیونکہ اس کے بعد وہ پول میں اپنا آخری مقابلہ ہندوستان کے خلاف کھیلے گی اور کوارٹر فائنل میں رسائی کے اس کے امکانات کافی کم ہوچکے ہیں۔ زمبابوے کو کل کپتان ایلٹن چکمبورا کی خدمات دستیاب نہیں ہے ، جیسا کہ 28 سالہ آل راؤنڈر ران کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔ 2007 ء ورلڈ کپ میں جب آخری مرتبہ ان دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوا تھا تو آئرلینڈ نے کامیابی کے ساتھ سوپر ایٹ میں رسائی حاصل کی تھی ۔