ہماچل پردیش میں گجرات سے کہیں زیادہ ترقی : راہول گاندھی
نہان۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ 2019ء میں ان کی پارٹی کے مرکز میں برسراقتدار آنے کے بعد گڈس اینڈ سرویسیس ٹیکس (جی ایس ٹی) میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی جائیں گی تاکہ اس (جی ایس ٹی) سے متاثرہ تاجرین، صارفین اور دیگر طبقات کو راحت پہونچائی جاسکے۔ انہوں نے ہماچل پردیش میں بڑے پیمانے پر رشوت ستانی سے متعلق وزیراعظم نریندر مودی کے الزام پر جوابی وار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ نیتی آیوگ کی رپورٹ کے مطابق دیگر ریاستوں کے مقابلے اس پہاڑی ریاست میں رشوت کی سطح بہت کم ہے۔ بی جے پی کے زیراقتدار گجرات میں ترقی کے مقابلے ہماچل پردیش نے کہیں زیادہ بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ راہول گاندھی نے مودی پر رشوت کے معاملے میں منتخب موضوعات پر خطاب کرنے کا الزام عائد کیا اور یہ جاننا چاہا کہ وہ ملازمتیں کہاں ہیں جن کا بی جے پی نے وعدہ کیا تھا۔