ء2015 -میں ہند ۔ پاکستان ٹسٹ سیریز کا امکان

دبئی ۔ 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی جانب سے آئی سی سی کے بگ تھری منصوبہ کی مشروط حمایت کے بعد امکان پیدا ہوچکا ہیکہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 2015ء میں ٹسٹ سیریز کھیلی جائے گی۔ کرکٹ کے ویب سائیٹ کرک انفو کی خبر کے بموجب پاکستان کی مشروط حمایت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان آئندہ 8 برس کے مستقبل کی سیریزوں کو قطعیت دی جارہی ہے اور یہ 2015ء تا 2023ء کے درمیان کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ جس نے ابتداء میں آئی سی سی کے بگ تھری کے منصوبہ کی مخالفت کی تھی لیکن اب اس نے اپنے موقف میں نرمی اختیار کی ہے جس کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آئندہ 8 برسوں کے لئے کھیلی جانے والی سیریزوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے جس میں پاکستان اپنی گھریلو سیریز کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کرے گا اور اس طرح دونوں ممالک کے درمیان باہمی سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے ہم منصب اور اسی ملک کے کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی سے قطعی توثیق کا منتظر ہے اور امید کی جارہی ہیکہ آئندہ 15 دنوں میں معاہدوں کو قطعیت دی جائے گی جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ طویل مدتی نشریاتی معاہدے اور ہندوستان کے ساتھ مستقل سیریزوں پر کام کرے گا۔ پاکستان نے ابتداء میں آئی سی سی کے اس منصوبہ کے اصل ڈھانچہ کی مخالفت کی تھی جس میں آمدنی بی سی سی آئی انگلش کرکٹ بورڈ اور کرکٹ آسٹریلیا کے درمیان تقسیم ہوگی۔ ذرائع کے بموجب تمام 9 رکن بورڈ نے پی سی بی کے ساتھ 2020ء اور اس کے بعد 2020 اور 2023ء کے عرصہ میں مستقل سیریزوں کے متعلق طمانیت دی ہے۔ بی سی سی آئی اب پاکستان کے ساتھ تقریباً 6 سیریزوں کو فیوچر ٹور پروگرام کے تحت یقینی بنانے کا خواہاں ہے اور اس کا پہلا حصہ باہمی سیریز کی شکل میں متحدہ عرب امارات میں 2015ء کے سرمائی موسم میں منعقد ہوگا۔

پی سی بی کے چیرمین نجم سیٹھی نے دبئی میں آئی سی سی کے منعقدہ بورڈ اجلاس کے بعد کہا ہیکہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ پاکستان حکومت کو فائدہ پہنچانے کے علاوہ اس سے ہندوستان کو بھی فوائد حاصل ہیں۔ یہاں اس حقیقت کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ 2008ء ممبئی دہشت گرد حملوں کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کوئی مکمل باہمی سیریز نہیں کھیلی گئی ہے جبکہ ہندوستان نے ان حملوں کو سرحد پار کی دہشت گردی قرار دیا ہے۔ دریں اثناء پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ڈسمبر 2012ء میں ہندوستان کا دورہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے خلاف ایک مختصر سیریز کھیلی تھی حالانکہ اسے اس سیریز سے کوئی مالیاتی فائدہ حاصل نہیں ہوا تھا لیکن یہ سیریز دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ روابط کی بحالی کیلئے سنگ بنیاد ثابت ہوئی ہے۔ جولائی 2013ء سے پاکستان کو کسی قسم کے طویل طرز کے نشریاتی معاہدہ بھی حاصل نہیں ہے جو دراصل پی سی بی کیلئے آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ امید کی جارہی ہیکہ بی سی سی آئی اور پی سی بی کے درمیان آئی سی سی فیوچرٹور کے تحت اہم سیریزوں کے متعلق اندرون 15 یوم قطعی فیصلے ہوں گے جس سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ روابط بحال ہونے کے علاوہ 2015ء میں دونوں ٹیموں کے درمیان ایک مکمل ٹسٹ سیریز کھیلی جائے گی۔