، TS کے بجائے AP کے سی آر کی گاڑیوں پر رجسٹریشن کوڈ تبدیل

حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون : ( آئی این این ) : تلنگانہ کی ریاستی حکومت نے تلنگانہ میں گاڑیوں کے رجسٹریشن میں تبدیلی کے عمل کا آغاز کردیا ہے جس کے ساتھ ہی موجودہ AP کے بجائے TS کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ سب سے پہلے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی گاڑی کے نمبر پلیٹ سے AP کوڈ ہٹاتے ہوئے TS کوڈ درج کیا گیا ۔ ٹی ایس دراصل تلنگانہ اسٹیٹ کا مخفف ہے۔
چیف منسٹر نے قبل ازیں وضاحت کی تھی کہ گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبرس تبدیل نہیں کئے جائیں گے بلکہ صرف موجودہ کوڈ AP کو ہٹاتے ہوئے اس کے بجائے TS کوڈ اختیار کیا جائے گا ۔ قبل ازیں عہدیداروں نے تلنگانہ کیلئے ’ ٹی جی ‘ کوڈ تجویز کیا تھا ، جس کو چیف منسٹر نے مسترد کردیا تھا اور اپنی طرف سے تلنگانہ ریاستی کوڈ کے طور پر ٹی ایس تجویز کیا تھا ۔۔