حیدرآباد 2 ستمبر ( سیاست نیوز ) بارکس بالا پور روڈ پر آج رات قتل کی سنگین واردات پیش آئی ۔ اس واردات میں علی عفاری نامی ایک نوجوان ہلاک ہوگیا جبکہ محمد سعدی نامی ایک نوجوان کے علاوہ خود حملہ آور ابراہیم بھی زخمی بتایا گیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب علی عفاری ولد سعید عفاری اور محمد سعدی ولد احمد سعدی ساکنین بارکس نے بابا نگر کے ساکن ابراہیم اور منصور سے سواری کیلئے گھوڑے فراہم کرنے کی خواہش کی ۔ ابراہیم نے سابقہ بقایہ جات کا مطالبہ کرتے ہوئے گھوڑے فراہم نہیں کئے ۔ اس پر علی عفاری اور محمد سعدی نے اسے بات چیت کیلئے طلب کیا ۔ بالاپور روڈ بارکس میں ان کے مابین بات چیت جاری تھی کہ محمد سعدی نے چاقو سے ابراہیم پر حملہ کردیا ۔ ابراہیم نے زخمی ہونے کے بعد اسی چاقو کو کھینچ کر علی عفاری کے پیٹ میں گھونپ دیا اور پھر محمد سعدی پر بھی حملہ کردیا ۔ ان کو فوری یشودھا ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علی عفاری کو مردہ قرار دیا گیا جبکہ محمد سعدی کا علاج چل رہا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ ابراہیم کو بھی شدید زخم آئے ہیں جسے پہلے اپولو ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا اور بعد میں بنجارہ کیر ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور ڈی سی پی ساؤتھ زون وی ستیہ نارائنا نے مقام واردات اور پھر دواخانہ کا بھی دورہ کیا ۔ علی عفاری کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے دواخانہ عثمانیہ منتقل کردیا گیا ۔ پولیس نے علاقہ میں بھاری پولیس جمیعت کو متعین کردیا ہے ۔ جھگڑے کے دوران منصور نامی نوجوان وہاں سے فرار ہوگیا ۔